ایم بی بی ایس میں داخلے، مقامی امیدواروں کے مسئلہ پر آج ہائی کورٹ میں سماعت

   

حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں مقامی امیدواروں کی نئی تشریح کے بارے میں وضاحت کرنے کیلئے حکومت کو دو دن کا وقت دیا ہے۔ چیف جسٹس الوکا ارادھے اور جسٹس جے سرینواس راؤ پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے 14 امیدواروں کی درخواستوں کی سماعت کی جس میں حکومت کی جانب سے میڈیکل اور ڈینٹل کورسیس میں داخلوں سے متعلق نئے رہنمایانہ خطوط کو چیلنج کیا گیا۔ جاریہ سال کنوینر کوٹہ کے تحت ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کیلئے کونسلنگ کا 15 اگسٹ کو آغاز ہوگا۔ حکومت نے 19 جولائی کو جی او 33 کے ذریعہ 2017 کے قواعد میں ترمیم کی ہے۔ حکومت کے فیصلہ کے مطابق مقامی امیدوار کے طور پر اہلیت کیلئے نیٹ امتحانات میں کوالیفائی ہونے سے قبل مسلسل چار سال تلنگانہ میں تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے۔ قواعد کے مطابق امتحان میں کوالیفائی ہونے سے قبل تلنگانہ میں چار سال تک مسلسل قیام کرنا ہوگا۔ درخواست گذاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بیشتر طلبہ جنہوں نے گیارہویں اور بارہویں جماعت کی تعلیم ریاست کے باہر غیر مقامی امیدوار کے طور پر حاصل کی ہے حالانکہ وہ تلنگانہ میں پیدا ہوا اور دسویں جماعت تک تعلیم بھی حاصل کی۔ ایسے امیدواروں سے ناانصافی کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے طلبہ جنہوں نے نیٹ میں کوالیفائی ہونے سے قبل چار سال تک تلنگانہ میں مقامی امیدوار کے طور پر تعلیم حاصل کی جبکہ ان کے سرپرست تلنگانہ سے تعلق نہیں رکھتے وہ بھی اہل قرار دیئے جائیں گے۔ عدالت نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر 14 اگسٹ کو ایڈوکیٹ جنرل اور یونیورسٹی کے وکیل کی سماعت کرنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ سنائیں گے۔1