ایم جی بی ایس تا چندرائن گٹہ میٹرو ریل کیلئے 1100 جائیدادیں متاثر

   

7.5 کیلو میٹر راہداری، 400 جائیدادوں کے حصول کیلئے کارروائی مکمل، مقررہ وقت سے قبل میٹرو پراجکٹ کی تکمیل کا امکان

حیدرآباد۔15۔ڈسمبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے پرانے شہر میں مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا چندرائن گٹہ چوراہا جائیدادوں کے حصول کے کامو ںکو تیز کردیا گیا ہے اور میٹرو ریل کے عہدیداروں کے مطابق 7.5کیلو میٹرکی اس میٹرو ریل راہداری میں جملہ 1100 جائیدادیں متاثر ہو رہی ہیں اور ان میں مجموعی اعتبار سے 400 جائیدادوں کے حصول کے سلسلہ میں کاروائی مکمل کی جاچکی ہے اور ان جائیداد مالکین کو معاوضہ کے چیکس کی ادائیگی کے ساتھ ہی جائیدادوں کے انہدام کا آغاز کردیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ 200جائیدادوں کے مالکین کو جاریہ ماہ کے دوران معاوضہ کے چیکس کی ادائیگی کے ذریعہ آئندہ ماہ کے اوائل میں جائیدادوں کے انہدام کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ان 200 جائیدادوں کے حصول کا عمل مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ حیدرآباد میٹرو ریل نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے توسط سے ضلع کلکٹرحیدرآباد کو مابقی 900 جائیدادوں کے حصول کے سلسلہ میں تفصیلات روانہ کردی ہیں اور ان میں مزید 200جائیدادوں کے حصول کے لئے ضلع کلکٹر کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور جنوری کے پہلے ہفتہ میں جملہ 400 جائیدادوں کے حصول کے عمل کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مینیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر این وی ایس ریڈی اور ضلع کلکٹر حیدرآباد مسٹر انودیپ درے شیٹی کی راست نگرانی میں جاری ان کاموں کے متعلق روزانہ کے اساس پر چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی کو رپورٹ روانہ کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ان کاموں کی تیزی کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی شخصی دلچسپی کے نتیجہ میں عہدیدار تعطیل کے دن بھی سروے کا کام انجام دیتے ہوئے ان کامو ںکو مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے آئندہ انتخابات سے قبل پرانے شہر کی راہداری پر میٹرو ریل کے کاموں کو مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن اب جس رفتار سے کاموں کو انجام دیاجا رہاہے اسے دیکھتے ہوئے کہا جا نے لگا ہے کہ 2027 تک میٹروریل کے کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے مطابق پرانے شہر میں جن 1100جائیدادوں کے حصول کی نشاندہی کی گئی ہے ان کی تمام تر تفصیلات ضلع کلکٹر کو روانہ کی جاچکی ہیں اور ان جائیدادوں کے حصول میں حائل ہونے والی تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلہ میں عہدیداروں نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ گذشتہ یوم دوسرے ہفتہ اور آج اتوار کی تعطیل کے باوجود حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں نے ضلع کلکٹریٹ کی ٹیم کی نگرانی میں منڈی میر عالم اور اعتبار چوک کے علاقہ میں سروے کا کام انجام دیا ۔ ذرائع کے مطابق حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے جاری اس تیز رفتار سروے کی بعض گوشوں سے مخالفت کی جا رہی ہے جبکہ بعض گوشوں کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ضلع کلکٹریٹ حیدرآباد کے اشتراک سے جائیدادوں کے حصول کے کاموں کو تیزی کے ساتھ انجام دے رہاہے۔ جائیدادوں کے مالکین میں پائی جانے والی ناراضگی کو دور کرنے کے سلسلہ میں عہدیداروں نے بتایا کہ بیشتر مالکین جائیداد نے اپنی جائیدادوں کو حوالہ کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے اور اس کے بعد ان کی جانب سے اعتراضات کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہ جاتی کیونکہ ان کی آمادگی کے بعد ہی حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے معاوضہ کے چیکس تیار کئے گئے ہیں جو کہ جلد ہی ان کے حوالہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ایم جی بی ایس تا چندرائن گٹہ راہداری پر سروے کے کامو ںکو اندرون دوہفتہ مکمل کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ ضلع کلکٹریٹ کو پیش کردی جائے گی۔3