کرناٹک کا ای 20 پٹرول پر تحفظات کا اظہار، پٹرول میں 31 فیصد تک ایتھنول کی ملاوٹ کا انکشاف
بنگلورو۔ 18 نومبر (ایجنسیز) کرناٹک حکومت نے مرکز کے ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول (ای بی پی) پروگرام پر اپنے تحفظات میں شدت پیدا کرتے ہوئے پٹرول میں مقررہ حد سے زیادہ ایتھنول کی ملاوٹ اور اس کے صارفین پر مرتب ہونے والے اثرات کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ریاست کے وزیر برائے خوراک، سیول سپلائیز اور امور صارفین رضوان ارشد نے 17 نومبر کو مرکزی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک حکومت ایتھنول بلینڈڈ پٹرول پروگرام کی مخالف نہیں ہے، تاہم اس پر عمل آوری کے طریقہ کار پر اسے تشویش ہے۔رضوان ارشد نے اپنے مکتوب میں کہا کہ یہ پروگرام شہریوں کے مفادات کی قیمت پر نافذ نہیں کیا جاسکتا۔ اتنی بڑی تبدیلی کیلئے ضروری ہے کہ ایندھن کی فراہمی کے نظام اور ایتھنول کے مطابق گاڑیوں سمیت پورا نظام تیار ہو۔ اس تبدیلی کیلئے مناسب وقت درکار ہے۔ انہوں نے یہ مکتوب آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی شیئر کیا۔کرناٹک حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پٹرول میں مقررہ 20 فیصد حد سے زیادہ ایتھنول ملا کر فروخت کررہی ہیں۔ آزاد لیبارٹریوں میں جانچ کیلئے بھیجے گئے 14 نمونوں میں سے 11 میں ایتھنول کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی۔ ان میں سب سے زیادہ مقدار 31 فیصد سے بھی زائد ریکارڈ کی گئی، جس سے ایندھن کے معیار، گاڑیوں کی کارکردگی اور صارفین کے تحفظ سے متعلق تشویش پیدا ہوگئی ہے۔مکتوب کے مطابق، ستمبر 2026 کے دوران ریاستی عہدیداروں نے کرناٹک بھر میں انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی ایل)، بھارت پٹرولیم (بی پی سی ایل)، ہندوستان پٹرولیم (ایچ پی سی ایل) اور ایم آر پی ایل کے 63 پٹرول پمپس کا معائنہ کیا۔ ابتدائی طور پر حاصل کیے گئے نمونے آئل کمپنیوں کے ریاستی رابطہ کار کے ذریعے ان کی مقررہ لیبارٹریوں کو روانہ کیے گئے۔ کرناٹک حکومت نے پانچ اہم مطالبات پیش کئے ہیں:٭ہر پٹرول پمپ پر فروخت کیے جانے والے پٹرول میں ایتھنول کی اصل مقدار نمایاں طور پر ظاہر کی جائے۔٭ہر پٹرول بل پر ایتھنول کی ملاوٹ کا فیصد لازمی طور پر درج کیا جائے۔٭ای 20 پٹرول کے ساتھ ای 10 اور ایتھنول سے پاک پٹرول کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔٭این اے بی ایل سے منظور شدہ آزاد لیبارٹریوں کے ذریعے ایندھن کی جانچ کا مستقل نظام قائم کیا جائے۔ ٭مقررہ حد سے زیادہ ایتھنول کی ملاوٹ کے باعث جن صارفین کی گاڑیوں کو نقصان پہنچے، انہیں معاوضہ فراہم کرنے کیلئے ایک مخصوص ای 20 معاوضہ فنڈ قائم کیا جائے۔