طوفان اکوان پر چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرابابو نائیڈو کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد، 17 نومبر (سیاست نیوز): طوفان ‘اکوان’ کے پیشِ نظر وزیر اعلیٰ چندربابو نائیڈو نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ انہوں نے طوفان کی نقل و حرکت، شدت اور ممکنہ متاثرہ علاقوں میں کیے جانے والے احتیاطی اقدامات سے متعلق عہدیداروں سے تفصیلات دریافت کیں۔ عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ فی الحال طوفان 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ آر ٹی جی ایس کے عہدیداروں نے بتایا کہ منگل کی شام تک طوفان کی شدت کے بارے میں مزید وضاحت سامنے آنے کا امکان ہے اور اس وقت تک اس کے شدید طوفان میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے۔بتایا گیا ہے کہ فی الوقت طوفان چنئی سے 610 کلومیٹر، مچھلی پٹنم سے 660 کلومیٹر، وشاکھاپٹنم سے 670 کلومیٹر اور اڈیشہ کے گوپال پور سے 790 کلومیٹر کے فاصلے پر مرکوز ہے۔ حکام نے بتایا کہ طوفان کے زیرِ اثر رواں ماہ کی 19 اور 20 تاریخ کو شدید بارشوں کا امکان ہے اور ساحل عبور کرتے وقت تیز اور تباہ کن ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ چندربابو نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ریاست کو درپیش یہ تیسرا طوفان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آفات کے وقت خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، بلکہ عوام کو ان کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنا ہی حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ طوفان سے متاثر ہونے والے علاقوں کے عوام کو وقتاً فوقتاً موسم کی تازہ ترین معلومات اور انتباہات پہنچائے جائیں اور سورنا گرام و سورنا وارڈ عملے کے ذریعہ عوام کو براہِ راست باخبر رکھا جائے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے روکنے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو یہ بھروسہ دلایا جائے کہ چاہے کتنی ہی بڑی آفت کیوں نہ آئے ، حکومت اور انتظامیہ ان کی مدد کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ طوفان کی وجہ سے اگر درخت اور بجلی کے کھمبے گر جائیں تو انہیں فوری ہٹا کر برقی اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بحال کیا جائے۔ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے ہوئے ریئل ٹائم میں امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں اور ضرورت کے مطابق ریسکیو آپریشن چلا کر لوگوں کے لیے محفوظ مقامات پر باز آبادکاری کے انتظامات کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ چندربابو نے عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ تالابوں اور نہروں کے پشتے ٹوٹنے سے بچانے کیلئے قبل از وقت تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔1