این ایس جی کمانڈر کو امداد کی عدم فراہمی پر ہائی کورٹ کی برہمی

   

سکریٹری فینانس کو 3 جون حاضر عدالت رہنے کی ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے پرنسپل سکریٹری فینانس کو 3 جون کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ نیشنل سیکوریٹی گارڈ کے کمانڈو کے سری راملو کو مدد کرنے میں ناکامی پر سکریٹری فینانس کو طلب کیا گیا ہے ۔ 2016 ء کو پنجاب کے پٹھان کورٹ میں دہشت گرد حملے میں سری راملو زخمی ہوئے تھے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کمانڈو کو مکان کی تعمیر کیلئے امداد کی عدم فراہمی پر افسوس کا اظہار کیا۔ تلنگانہ حکومت نے ہائی کورٹ میں حلفنامہ داخل کرتے ہوئے کمانڈو کو 300 مربع گز پلاٹ اور مکان فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ملک کے لئے خدمات انجام دینے والے کمانڈو کی امداد کا معاملہ اکتوبر 2018 ء سے اپریل 2021 تک تعطل کا شکار رہا۔ عدالت میں کمانڈو کی ابتر صورتحال کے بارے میں اخباری اطلاعات کو مفاد عامہ کی درخواست کے طور پر قبول کرتے ہوئے سماعت کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے پلاٹ کی منظوری دی ہے جبکہ مالی امداد سے متعلق فائل محکمہ فینانس میں زیر التواء ہے۔ عدالت نے فینانس سکریٹری کو 3 جون کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی ہے۔