ایودھیا : اترپردیش کے ضلع ایودھیا میں ضلع انتظامیہ نے پران پرتشٹھا تقریب اور اس کے بعد آنے والے عقیدت مندوں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے ضلع میں پارکنگ کے لئے 51مقامات کی نشاندہی کی ہے ۔ آفیشیل ذرائع کے مطابق ان پارکنگ میں 22 ہزار 825گاڑیوں کو پارک کیا جاسکے گا۔ پارکنگ کے لئے کسی کو بھٹکنا نہ پڑے اس کے لئے پارکنگ مقامات کو گوگل میپ پر اپلوڈ کردیا گیا ہے ۔ وہیں پارکنگ مقامات کو وی وی آئی پی ، وی آئی پی اور دیگر مہمانوں کے لئے بھی ریزرو کیا گیا ہے ۔ ان پارکنگ کو وائرلیس اور پی اے سسٹم سے لیس کیا گیا ہے ۔ اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس(ٹریفک)بی ڈی پالسن نے ہفتہ کو بتایا کہ ایودھیا دھام میں شری رام للا پران پرتشٹھا پروگرام میں آنے والے مہمانوں کی گاڑیوں کو پارک کرنے کے لئے 51مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ان میں ایک وقت میں ایک ساتھ تقریبا 22825گاڑیوں کو پارک کیا جاسکے گا۔