ایودھیا کی فاضل اراضی مالکین کو واپس کرنے کا فیصلہ

   

حکومت کوئی مداخلت نہیں کرے گی: پرکاش جاؤڈیکر
نئی دہلی۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایودھیا کے تنازعہ مقدمہ پر مالکین سے حاصل کردہ فاضل اراضی واپس کرنے سے متعلق سپریم کورٹ میں حکومت کی طرف سے داخل کردہ درخواست کی مدافعت کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ مرکز اس علاقہ کے متنازعہ علاقہ کو ہاتھ نہیں لگائے گی۔ مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رام جنم بھومی نیاس ہی اس کو واپس ملنے والی اراضی کے استعمال پر کوئی فیصلہ کرے گی اور حکومت اس میں کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔ مرکز نے منگل کو سپریم کورٹ میں ایک درخواست داخل کرتے ہوئے بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی کے متنازعہ مقام کے اطراف کی زائد یا فاضل اراضی اس کے حقیقی مالکین کو واپس کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔ اس ضمن میں حکومت کی طرف سے داخل کردہ درخواست کے چند گھنٹوں کے بعد ہی پرکاش جاؤڈیکر نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ متنازعہ اراضی میں حکومت کوئی دخل اندازی نہیں کرے گی۔