ہاسپٹلس کے فنڈس میں خردبرد کے خلاف مرکزی وزیر صحت کا انتباہ ، خاطی انتظامیوں کا نام ویب سائیٹ پر جاری کیا جائے گا
نئی دہلی ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا کہ دواخانوں کو دیئے جانے والے فنڈس میں کسی قسم کی دھاندلی یا خرد برد کیا جاتا ہے تو ایسے دواخانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ایوشمان بھارت ہیلت اسکیم میں دھوکہ دہی یا کسی بھی نوعیت کے غبن کی اطلاع پر ایسے دواخانوں کے نام ویب سائیٹ پر جاری کئے جائیں گے۔ وزارت صحت کے سرکاری ویب سائیٹ پر ’’نیم اینڈ شیم‘‘ عنوان سے ایک بلاک قائم کیا گیا ہے جس میں بدعنوان دواخانوں کے انتظامیوں کے نام جاری کئے جائیں گے ۔ وردھن نے کہا کہ ایوشمان بھارت پرادھان منتری جن آروگیہ یوجنا میں دھاندلیاں کی جارہی ہیں۔ 338 ہاسپٹلوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ دھاندلیوں سے متعلق تقریباً 1200 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ایوشمان بھارت اسکیم کا بیجا استعمال کرنے والے 97 دواخانوں کو فہرست سے خارج کردیا گیا ہے ۔ 6 کے خلاف ایف آئی آردرج کی گئی ہے۔ 1.5 کروڑ روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت رشوت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی ۔ صحت عامہ کے معاملہ میں حکومت سنجیدہ ہے ۔ ایوشمان بھارت پرادھان منتری جن آروگیہ یوجنا میں بڑے پیمانہ پر دھاندلیوں کی اطلاعات ہیں۔ کوئی بھی انتظامیہ دھوکہ دہی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس کا نام سرکاری ویب سائیٹ پر جاری کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ یہ پیام واضح اور صاف ہے کہ صحت عامہ کے معاملہ میں حکومت شفافیت سے کام لینا چاہتی ہے ، کسی قسم کی دھوکہ دہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جن دواخانوں میں ایوشمان بھارت اسکیم کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے ، ان کا نام فہرست سے خارج کیا جارہے ہیں۔