ایٹالہ راجندر کی کمپنی نے ایس سی، ایس ٹی اراضیات غیر قانونی طور پر حاصل کی

   

کلکٹر ہریش کی وضاحت، سروے رپورٹ پر کمپنی کے نمائندوں کے دستخط موجود
حیدرآباد۔/8ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کی اہلیہ کی ملکیت والے جمنا ہیچریز کی جانب سے اراضیات پر ناجائز قبضہ کے معاملہ میں ضلع کلکٹر میدک نے پھر ایک مرتبہ موقف کی وضاحت کی ہے۔ کلکٹر ایس ہریش نے کہا کہ ایٹالہ جمنا نے اراضیات پر قبضہ کے سلسلہ میں جو تردید کی ہے وہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریوینو عہدیداروں نے تحقیقات میں اس بات کا پتہ چلایا ہے کہ جمنا ہیچریز نے 70 ایکر سے زائد اسائنڈ لینڈ پر قبضہ کیا ہے جو حکومت کی جانب سے ایس سی، ایس ٹی طبقات کو الاٹ کی جاتی ہے۔ اچم پیٹ اور حکیم پیٹ گاؤں میں یہ اراضی حاصل کی گئی۔ ایٹالہ جمنا نے ضلع کلکٹر پر الزام عائد کیا کہ وہ حکومت کے اشارہ پر کام کررہے ہیں۔ کلکٹر نے کہا کہ جس وقت عہدیداروں نے سروے کیا اس وقت سروے اور ریوینو ڈپارٹمنٹس کے عہدیداروں کے علاوہ جمنا ہیچریز کے نمائندے موجود تھے۔ حکومت نے 18 ایکر 35 گنٹے اراضی سروے نمبر 130 کے تحت 11 غریب خاندانوں میں الاٹ کی تھی اور یہ اراضی سیلنگ ہے جس کا رجسٹریشن نہیں کیا جاسکتا۔ کلکٹر نے بتایا کہ 5 ایکر 36 گنٹے اراضی راما راؤ نامی شخص سے خریدنے کا جمنا ہیچریز کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ کلکٹر نے کہا کہ مذکورہ سروے نمبر کے تحت رجسٹرڈ اراضی نہیں ہے۔ کلکٹر نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے سروے نمبر 81 کے تحت مزید 3 ایکر اراضی خریدی گئی جبکہ تمام 16.91 ایکر اراضی سیلنگ ہے جس کی کوئی معاملت نہیں کی جاسکتی۔ اچم پیٹ موضع میں یہ اراضی 7 کسانوں کو الاٹ کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ سروے کے اہتمام میں تمام قانونی اصولوں کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔ سروے رپورٹ کے پنچنامہ پر جمنا ہیچریز کے نمائندوں کی دستخط موجود ہے۔ واضح رہے کہ ایٹالہ جمنا نے کلکٹر کی رپورٹ کو چیلنج کیا تھا۔ ر