نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت ختم ہونے کے بعد اب ایک اور رکن پارلیمنٹ افضل انصاری کی رکنیت بھی ختم سکتی ہے ۔ ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ کے مقدمات سے متعلق عدالت نے اترپردیش کے سیاستدان مختار انصاری کو اغواء اور قتل کے ایک مقدمہ میں دس سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ ان کے بھائی بہوجن سماج پارٹی کے رکن پارلیمنٹ افضل انصاری کو بھی چار سال قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ اس طرح مختار انصاری پر پانچ لاکھ روپئے اور افضل انصاری پر ایک لاکھ روپئے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ اس سزا کے بعد افضل انصاری کی لوک سبھا کی رکنیت ختم ہوسکتی ہے کیونکہ قوانین کے مطابق کسی بھی رکن پارلیمنٹ کو اگر دو سال قید کی سزا ہوتی ہے تو اس کی ایوان کی رکنیت از خود ہی ختم ہوجائے گی ۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت بھی ہتک عزت مقدمہ میں دو سال کی سزا سنائے جانے کے بعد ختم ہوگئی تھی ۔