ایک طرف بھاری قیمتیں ‘ دوسری طرف پٹرول پمپ پر چوری

   

حیدرگوڑہ کے پمپ پر خاتون نے چوری پکڑی ۔ محکمہ اوزان و پیمانہ جات نے نوٹس جاری کی
حیدرآباد ۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک طرف یومیہ نظرثانی سے عوام پریشان ہے، دوسری طرف پٹرول بنکس انتظامیہ کی جانب سے میٹرریڈنگ سے چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے بڑے پیمانہ پر لوٹ کھسوٹ کی جارہی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ شہر حیدرآباد کے حیدرگوڑہ ایم ایل اے کوارٹرس کے پاس موجود بھارت پٹرول بنک میں پیش آیا جس پر گاڑی چلانے والوں نے برہمی اور تشویش کا اظہار کیا۔ جمعہ کی دوپہر کو کویتا نامی ایک خاتون پٹرول پمپ پہنچی اور اپنی اسکوٹی میں 200 روپئے کا پٹرول ڈلوایا۔ پٹرول کم ڈالنے کا شک ہونے پر اس خاتون نے اپنی گاڑی میں ڈلوایا گیا پٹرول دوسرے گاڑی والوں کی مدد سے ایک بوتل میں نکلوایا۔ یہ دیکھ کر سب حیران رہ گئے کہ ایک لیٹر کے بوتل میں صرف نصف بوتل ہی پٹرول پایا گیا جس پر اس خاتون نے پٹرول بنک کے انتظامیہ پر برہم ہوگئی۔200 روپئے میں کم از کم ایک لیٹر پٹرول نہ ڈالنے کی شکایت کی اور گاڑی والوں کو لوٹ لینے کا الزام عائد کیا۔ خاتون پر پٹرول بنک انتظامیہ کے نمائندے اور عملہ حاوی ہونے کی کوشش کیا ۔ تاہم مسئلہ کو میڈیا سے معلومات حاصل کرنے کے بعد پولیس اور لیگل میٹرولوجی کے عہدیدار فوری پٹرول پمپ پہنچ گئے۔ پٹرول اور ڈیزل فیلنگ مشین میں تنصیب کردہ پمپنگ میٹرس کا معائنہ کیا۔ پٹرول پمپ میں موجود دو فلنگ مشین میں تکنیکی خرابی کی نشاندہی کی۔ لیگل میٹرولوجی ڈسٹرکٹ کنٹرولر سنجے کرشنا و اسسٹنٹ کنٹرولر شیوانند نے بتایا کہ پٹرول پمپ کو نوٹس دی گئی ہے۔ن