ای این ٹی دواخانہ نوڈل سنٹر میں تبدیل

   

میوکورومائیکوسیس کے مریضوں میں اضافہ پر حکومت کا فیصلہ

حیدرآبا: ریاست تلنگانہ میں حکومت نے میوکور مائیکوسیس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ای این ٹی دواخانہ کو نوڈل سنٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے میوکور مائیکوسیس کے مریضوں کے علاج کیلئے خصوصی انتظامات اور مرض کو مزید پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کے سلسلہ میں بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں اور کہا گیا ہیکہ ریاست میں بلیک فنگس کے متاثرین کے علاج اور ان کے داخلہ کیلئے ای این ٹی دواخانہ کوٹھی کو مرکز بنایا گیا ہے اور عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ میوکور مائیکوسیس کے علاج کیلئے رجوع ہونے والے مریضوں کو شریک دواخانہ کرنے میں مریضوں کے رشتہ داروں کی مدد کریں۔ڈاکٹر کے رمیش ریڈی ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن نوڈل آفیسر میوکورمائیکوسیس نے بتایا کہ جو مریض اس فنگل انفیکشن سے متاثر ہو رہے ہیں اور وہ کورونا وائرس کا شکار ہیں انہیں گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا جائے گا اور جن مریضوں کو آنکھو ں سے متعلق امراض کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ان کو سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل میں شریک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں بلیک فنگس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی بنیادی وجوہات آکسیجن فلو میٹر میں استعمال کیا جانے والا پانی ہے ۔ ڈاکٹر کے رمیش ریڈی نے بتایا کہ فلومیٹر میں استعمال کئے جانے والے پانی کا انتہائی پاک و صاف ہونا لازمی ہے اسی لئے ابال کرٹھنڈا کئے گئے پانی کا ہی اس میں استعمال کیا جانا چاہئے ۔انہو ںنے واضح کیا کہ بوتل بند پانی اور مینرل واٹر بھی آکسیجن فلو میٹر میں استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہئے تاکہ کورونا وائرس کے مریض یا وہ مریض جو کہ آکسیجن کے سہارے سانس لے رہے ہیں وہ اس مرض کا شکار ہونے سے محفوظ رہیں۔ تلنگانہ میں بلیک فنگس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان میں سب سے اہم عوام میں شعور بیداری اور متاثرہ مریضوں کے علاج کے انتظامات شامل ہیں۔ ڈاکٹر کے رمیش ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایا ت اور احکامات کے مطابق ای این ٹی دواخانہ کوٹھی کو نوڈل مرکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس مرکز کے ذریعہ ہی مریضو ںکو دیگر دواخانو ں میں شریک کروانے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ جن مریضوں میں کورونا وائرس کی علامات پائی جارہی ہیں ان مریضوں کو گاندھی اور آنکھ کے امراض میں مبتلاء مریضوں کو سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل کے علاوہ جن مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت ہے ان کو دیگر دواخانو ںمیں علاج کیلئے روانہ کیا جائے گا۔ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق محکمہ صحت بلیک فنگس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے سے روکنے کیلئے شعور بیداری مہم کے علاوہ ان کے علاج کیلئے بہتر سے بہترانتظامات کو یقینی بنائے اور چیف منسٹر نے جو احکام جاری کئے ہیں ان میں کہاگیا ہیکہ کورونا وائرس کے علاوہ اس بیماری کیلئے علحدہ نوڈل آفیسر کے ذریعہ نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔