ای ڈی کی جانب سے مہاراشٹرا میں ایک اور گرفتاری

   

نئی دہلی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کو کہا کہ اس نے مہاراشٹر میں شری چھترپتی شیواجی ایجوکیشن سوسائٹی (ایس سی ایس ای ایس) کے خزانچی اپا صاحب رام چندر دیشمکھ کو ایم بی بی ایس کے امیدواروں کو 29 کروڑ روپے دھوکہ دینے سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ مقدمہ میں گرفتار کیا ہے۔ ملزم کو ممبئی کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں پیش کیا گیا جس نے انہیں 24 جون تک ای ڈی کی تحویل میں بھیج دیا۔ مئی میں ای ڈی نے ایس سی ایس ای ایس کے سابق صدر مہادیو رام چندر دیشمکھ کو گرفتار کیا تھا۔ای ڈی نے دیشمکھ اور دیگر کے خلاف ودوج پولس اسٹیشن ستارہ کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر منی لانڈرنگ مقدمہ کی جانچ شروع کی۔ یہ الزام لگایا گیا ہے کہ کالج انتظامیہ نے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اینڈ ریسرچ میں ایم بی بی ایس کورس میں داخلے کے لیے طلبہ سے نقد رقم وصول کی تھی جبکہ کالج اس کے لیے اہل نہیں تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ایس سی ایس ای ایس کولہاپور ایک خیراتی ٹرسٹ ہے جو تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ٹرسٹ کو تعلیمی سال 2012-13 اور 2013-14 کے لیے سالانہ 100 سیٹوں پر میڈیکل کالج چلانے کی اجازت ملی جس میں 85 سیٹیں گورنمنٹ کوٹہ اور 15 سیٹیں مینجمنٹ کوٹہ کی ہیں۔