حیدرآباد: بھارتیہ راشٹر سمیتی کی خاتون لیڈر کے کویتا سپریم کورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں جمرات کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے روبرو پیش نہیں ہوئیں۔ سپریم کورٹ میں زیرالتوا درخواست میں انہوں نے ای ڈی کی جانب سے جاری سمن کو چیلنج کرتے ہوئے گرفتاری سے تحفظ کی اپیل کی ہے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی رکن اور ریاست کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راو کی بیٹی کویتا نے اپنا مجاز نمائندہ (بی آر ایس کا ایک عہدیدار) بھیجا جس نے کیس کے تفتیشی افسر کو اپنے لین دین، بینک اسٹیٹمنٹس، ذاتی اور کاروباری تفصیلات کی چھ صفحات کی رپورٹ فراہم کی۔