اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والوں کیلئے چونکا دینے والی خبر

   

مقررہ حد سے زیادہ لین دین پر اضافی چارجس ادا کرنے ہوں گے
حیدرآباد۔ 6 فروری (سیاست نیوز) اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والوں کیلئے چونکا دینے والی خبر آرہی ہے۔ دراصل ریزرو بینک آف انڈیا اے ٹی ایم سے رقم نکالنے پر فیس میں اضافہ کرنے کا منصوبہ تیار کررہا ہے۔ آر بی آئی نے مقررہ حد سے زائد رقم نکالنے پر ہر ٹرانزیکشن پر چارجس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر بینکوں کے اے ٹی ایمس پر رقم نکالنے پر بھی وصولی کی تیاری کرلی ہے ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو صارفین کو اپنی جیب سے اے ٹی ایم سے نکالی گئی رقم پر اضافی چارجس ادا کرنے ہونگے۔ اب تک اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کی فیس 21 روپئے فی ٹرانزیکشن تھی۔ نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا نے فیسوں میں اضافہ کی سفارش کی ہے۔ اس کے مطابق اے ٹی ایم سے پانچ مرتبہ رقم مفت نکالنے کی حد مقرر ہے۔ بعد میں ہر بار 22 روپئے منہا کرنے کی سفارش کی ہے۔ اس طرح اگر آپ دوسرے بینک کے اے ٹی ایم سے رقم نکالتے ہیں تو 17 روپئے وصول کئے جاتے تھے ، اب 2 روپئے اضافہ کے بعد آئندہ سے 19 روپئے چارج کئے جائیں گے۔ نان کیش ٹرانزیکشن کو 6 روپئے سے بڑھاکر 7 روپئے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ این پی سی آئی کی اجازت کے فوراً بعد بینکوں کی جانب سے چارجس میں اضافہ کی تیاری کی جارہی ہے اور اس فیصلے پر جلد عمل آوری ہوگی۔2