گھریلو ایل پی جی کی قیمتوں میں تبدیلی نہیں ، حکومت کا بیان
نئی دہلی، یکم مئی (یو این آئی) حکومت نے واضح کیا ہے کہ تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے مشرقِ وسطیٰ کے بحران اور عالمی منڈی کے رجحانات کے پیشِ نظر کمرشل سلنڈر کی قیمتوں میں متوازن ترمیم کی ہے ، جبکہ پیٹرول، ڈیزیل اور گھریلو ایل پی جی (14.2کلوگرام سلنڈر) کی ریٹیل قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔حکومت نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ملک میں خام تیل اور کھانا پکانے والی گیس (ایل پی جی) کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی بھی گیس ایجنسی یا پیٹرول پمپ پر قلت کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ اس لیے لوگوں کو گھبراہٹ میں خریداری سے گریز کرنا چاہیے ۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث کمرشل ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق کیا گیا ہے ، لیکن گھریلو استعمال کی گیس کی قیمتوں کو مستحکم رکھا گیا ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ جمعرات کو ملک بھر میں تقریباً 49.8 لاکھ گھریلو ایل پی جی سلنڈر فراہم کیے گئے ۔ حکومت نے یہ بھی بتایا کہ ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی اور کالابازاری روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر مہم چلائی جا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں جمعرات کو ملک بھر میں 2300 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے ۔
حکومت نے جنتا کو تھمایا ’انتخابی بل‘:کانگریس
نئی دہلی،یکم مئی (یواین آئی ) کانگریس نے کمرشل رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے کو حکومت کا ‘انتخابی بل’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا براہ راست اثر عام لوگوں کی تھالی پر پڑنا طے ہے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر ابھشیک منو سنگھوی اور پارٹی کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حال ہی میں کچھ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد حکومت نے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں ایک ہی دن میں 993 روپے کا اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فروری سے اب تک سلنڈر کی قیمتوں میں 1380 روپے کا اضافہ ہوا ہے ، جو کہ تقریباً 81 فیصد کا اضافہ ہے ۔
کانگریس لیڈروں نے الزام لگایا کہ اس اضافے سے چائے والا، ڈھابہ، ہوٹل، بیکری اور حلوائی جیسے چھوٹے کاروباریوں کی رسوئی پر پر براہ راست اثر پڑے گا اور اس کا بوجھ آخر کار عام جنتا پر پڑے گا۔ کانگریس نے خدشہ ظاہر کیا کہ گیس کے بعد پیٹرول اور ڈیزیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے ۔ اسی دوران کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی سلنڈر کی قیمت بڑھانے پر حکومت کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا، “میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ انتخابات کے بعد مہنگائی کی گرمی آئے گی۔ آج کمرشل گیس سلنڈر میں 993 روپے کا ایک ہی دن میں سب سے بڑا اضافہ ہوا ہے ۔ یہ انتخابی بل ہے ۔ فروری سے اب تک 1380 روپے کا اضافہ، صرف تین مہینوں میں 81 فیصد کا اضافہ۔ چائے والا، ڈھابہ، ہوٹل، بیکری، حلوائی-ہر کسی کی رسوئی پر بوجھ بڑھا ہے اور اس کا اثر آپ کی تھالی پر بھی پڑے گا۔ پہلا وار گیس پر، اگلا وار پیٹرول-ڈیزیل پر۔”