حیدرآباد18دسمبر(یواین آئی) آندھراپردیش کے تین دارالحکومتوں کی وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی تجویزکے ٰخلاف کسانوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔کسانوں نے الزام لگایا کہ حکومت امراوتی سے دارالحکومت کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ لینڈ پولنگ نظام کے تحت انہوں نے اپنی اراضیات پیشرو تلگودیشم حکومت کے دور میں حکومت کو نئے دارالحکومت کو دی تھیں، ان کو یقین تھا کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے ایسا کررہے ہیں تاہم وزیراعلی نے نئے تین دارالحکومتوں کی تجویز پیش کی۔انہیں یقین تھا کہ یہ دارالحکومت مستقل رہے گا۔ وزیر اعلی کی جانب سے تین نئے دارالحکومتوں کی تجویز کے خلاف گنٹور کے تلور منڈل کے مندادم میں بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا گیا۔اس موقع پر کسی بھی ناگہانی سے نمٹنے کے لئے پولیس کا بھاری بندوبست کیا گیا تھا۔کسانوں نے اے پی سکریٹریٹ جانے والی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کردیں اور نعرے بازی شروع کردی۔موجودہ دارالحکومت امراوتی کے کسانوں نے الزام لگایا کہ تین دارالحکومتوں کے اعلان کے ذریعہ وزیراعلی ریاست کو تقسیم کررہے ہیں۔ان کسانوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوال کیا کہ انتخابات سے پہلے ،دارالحکومت کی تبدیلی کا بیان کیوں نہیں دیا گیا؟امراوتی کے کسانوں نے اس مسئلہ پر وزیراعظم مودی سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا جنہوں نے امراوتی کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا تھا۔