بابائے قوم کو اُن کی 71ویں برسی پر خراج عقیدت

,

   

نئی دہلی ۔ 30جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) قوم نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو اُن کی 71ویں برسی کے موقع پر یاد کیا ۔ صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی نے خراج عقیدت پیش کرنے میں قوم کی قیادت کی ۔ رام ناتھ کووند ، مودی ، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے راج گھاٹ پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیر دفاع نرملا سیتا رامن اور مرکزی وزیر برائے تعمیر امکنہ و شہری اُمور ہردیپ سنگھ پوری اُن افراد میں شامل تھے جنہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر راج گھاٹ میں بین مذہبی دعائیہ اجتماع میں شرکت کی ۔ مہاتما گاندھی کا پسندیدہ بھجن ’’ رگھوپتی راگھوا راجا رام ‘‘ بھی راج گھاٹ پر گایا گیا ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی ، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے بھی مہاتماکی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا ۔ گاندھی جی اور ان کی برسی کو یاد کرتے ہوئے مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ باپو کو یاد کرنا اور اُن کی پنیہ تتھی کو یاد کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا عہد ہے کہ اُن کے راستہ پر چلتے رہیں گے اور اُن تمام اقدارکی پابندی کریں گے جن کیلئے وہ ہمیشہ جدوجہد کرتے رہے تھے ۔ مہاتما گاندھی کا قتل آج ہی کے دن 1948ء میں ہوا تھا ۔ وزیر اعظم نے بھی ان تمام کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اُن تمام شہیدوں کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے ہندوستان کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ ملک ہمیشہ اُن کا شکرگذار رہے گا کیونکہ انہوں نے ملک کیلئے اپنی خدمات اور قربانی پیش کی ۔ کئی مرکزی وزراء اور سینئر قائدین نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔