نئی دہلی : دارالحکومت دہلی کے سنگم وہار علاقہ میں ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ جہاں امانت علی نامی شخص اور اس کے ساتھیوں نے 16 سالہ لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کی کوشش کی۔ متاثرہ کے والد نے بتایا کہ جب ملزمان میری بیٹی کو گولی مار رہے تھے۔ تماشائی اس واقعہ کی ویڈیو بنا رہے تھے، میری بیٹی کو کسی نے نہیں بچایا۔ پولیس نے اس معاملے میں اصل ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس اس کے دونوں ساتھیوں کو پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔ اب اس معاملے میں تیسری گرفتاری ہوئی ہے۔ امانت علی یوپی کے میرٹھ کا رہنے والا ہے۔ڈی سی پی ساؤتھ نے بتایا کہ اصل ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعہ طالبہ کے ساتھ رابطہ میں تھا۔ طالبہ نے کچھ دن پہلے اس سے بات کرنا بند کر دی تھی جس سے وہ افسردہ ہو گیا تھا اور اسے سبق سکھانے اور بدلہ لینے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس لئے اس نے اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ملزم بوبی اور پون سے رابطہ کیا۔جنوبی دہلی کی ڈی سی پی بینیتا میری جیکر کے مطابق25 اگست کو تقریباً 15:47پر سنگم وہار علاقہ کے ٹگری پولیس اسٹیشن میں ایک 16 سالہ لڑکی کو گولی مار دی گئی۔ پولیس ٹیم موقع پر پہنچی جہاں پتہ چلا کہ لڑکی کے کندھے پر گولی لگی ہے۔ متاثرہ کو بترا ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا۔ پولیس نے بترا ہاسپٹل پہنچ کر متاثرہ کا بیان ریکارڈ کیا۔