بارکس میں تیراکی کے دوران علیل نوجوان کی موت

حیدرآباد۔/13 مارچ ، ( سیاست نیوز) تیراکی کے دوران لاپرواہی سے ایک اور طالب علم فوت ہوگیا۔ گزشتہ دنوں راجندر نگر کے علاقہ میں پیش آئے اس طرح کے ایک واقعہ میں نوجوان فوت ہوگیا۔ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی اس طرح کے واقعات کارونما ہونا عام بات بنتی جارہی ہے۔ جو گرمائی تعطیلات میں احتیاطی اقدامات اور چوکسی کا اشارہ کررہی ہیں اور اپنے نوجوان لڑکوں پر سخت نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ حادثات کے بعد حرکت میں آنا تو ارباب مجاز کی عادت ہے لیکن احتیاط ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ چندرائن گٹہ کے علاقہ بارکس میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ انسپکٹر پولیس چندرائن گٹہ کوٹیشور راؤ نے بتایا کہ بارکس میں واقع بابا سوئمنگ پول میں 18 سالہ طالب علم شیخ ریاض فوت ہوگیا ، مادنا پیٹ کے علاقہ کے ساکن شیخ سردار کا بیٹا تھا جو انٹر سال دوم کا طالب علم بتایا گیا ہے۔ ریاض اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تیراکی کی غرض سے بابا سوئمنگ پول پہنچا اور تیراکی میں مشغول تھا کہ اس کے ساتھ حادثہ پیش آیا۔ 8 فٹ کی گہرائی والے پول میں اس کی حالت بگڑتی گئی اور اس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا۔ چندرائن گٹہ انسپکٹر نے بتایا کہ سوئمنگ پول کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT