برازیل اسکول فائرنگ میں مہلوکین کی تعداد 10 ہوگئی

,

   

ساؤ پالو، 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) برازیل کے جنوب مغربی ریاست ساؤ پالو میں چہارشنبہ کو ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے ۔ بہت سے لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں سات طالب علم، ایک خاتون اور دو حملہ آور شامل ہیں جس نے جائے حادثہ پر خودکشی کرلی۔ حملہ ساؤ پالو کے میٹروپولیٹن علاقے کے جارڈم امپیروڈور میں واقع راؤل براسل پبلک اسکول میں مقامی وقت کے مطابق صبح 9:30 بجے کیا گیا۔ابتدائی رپورٹوں میں کہا گیا کہ حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے . بعد میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ گئی کیونکہ حملے میں زخمی ہونے والے 17 افراد میں سے دو علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکے۔ حملہ آوروں نے آتشیں ہتھیار اور چھری کا استعمال کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران بھگدڑ مچ گئی کیونکہ خوفزدہ طالب علم جان بچانے کے لئے ادھر ادھر دوڑ رہے تھے ۔عینی شاہدین کے مطابق دو حملہ آوروں کے کیبل کے ایک بڑے بنڈل کو لے کر اسکول کے احاطے میں داخل ہونے کی اطلاع اور اس میں دھماکہ خیز مادے کے خدشہ کے پیش نظر بم ڈسپوزل دستہ کو اسکول بھیجا گیا۔سرپرست اور پڑوسی واقعہ کے بارے میں جاننے کے لئے بے چین ہیں ،وہ سبھی اسکول پہنچ گئے تھے۔