براعظم افریقہ کے چار ممالک میں ویکسین سے پولیوکیسز کے انکشاف

   

لندن۔26 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام)افریقی براعظم کے چار ممالک میں پولیو کے ایسے معاملات سامنے آئے ہیں جس کا سبب اورل ویکسین بنی ہے جبکہ صحت کے عالمی اعداد و شمار کے مطابق زیادہ تر بچے عام طور پر پائے گئے وائرس کے بجائے ویکسین میں موجود وائرس سے معذوری کا شکار ہوئے ۔اے پی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ منظر عام پر آئی رپورٹ میں عالمی ادارہ صحت ۔ڈبلیو ایچ او نے نائیجیریا، کانگو، وسطی افریقی جمہوریہ اور انگولا میں 9 ایسے نئے کیسز کی نشاندہی کی جو ویکسین کی وجہ سے ہوئے ۔رپورٹ کے مطابق افریقہ کے دیگر 7 ممالک اور ایشیا میں بھی اس قسم کے کیسز سامنے آئے ہیں جس میں پاکستان اور افغانستان بھی شامل ہیں جہاں اب تک پولیو کی بیماری کا خاتمہ نہ ہوسکا۔