کویتا نے نئی سیاسی جماعت ’’ٹی آر ایس‘‘ کے قیام کا اعلان کیا

,

   

حیدرآباد ۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سیاسی منظرنامے میں آج ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں کے کویتا نے نئی سیاسی جماعت تلنگانہ راشٹرا سینا (TRS) کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ضلع میڑچل کے منیرآباد میں منعقدہ ایک بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے پارٹی کے نام اور اس کے مقاصد کا اعلان کیا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے تلنگانہ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں عوام ذاتی آزادی سے محروم ہیں اور ہر طرف نگرانی کا خوف پایا جاتا ہے۔
کویتا نے اعتراف کیا کہ جس تلنگانہ کا خواب دیکھا گیا تھا وہ ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ماضی کی حکومت بی آر ایس کا حصہ رہ چکی ہیں اور کچھ معاملات پر انہیں شرمندگی بھی محسوس ہوتی ہے جس پر انہوں نے عوام سے معذرت خواہی بھی کی۔ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کارکنوں نے غیرمعمولی قربانیاں دیں اور ثقافت کی حفاظت کی مگر موجودہ حکمرانی عوامی امنگوں پر پوری نہیں اتری۔ انہوں نے اپنے والد بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی اور حال کے کے سی آر میں زمین آسمان کا فرق ہے اور وہ اب عوامی مسائل سے دور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنی اصل روح کھو چکی ہے۔ ( سلسلہ صفحہ 2 پر )