برطانیہ سے واپس ہوئے افراد پر محکمہ صحت کی کڑی نظر

   

Ferty9 Clinic


لاپتہ 150 مسافرین سے ربط قائم کرنے میں کامیابی، کورونا ٹسٹ کا فیصلہ
حیدرآباد: برطانیہ میں کورونا طرز کے نئے وائرس کے آنے کے بعد تلنگانہ حکومت نے برطانیہ سے آئے مسافرین پر کڑی نگرانی رکھی ہے۔ حالیہ دنوں میں برطانیہ سے واپس 2000 سے زائد افراد کی نشاندہی کرکے ان کے ٹسٹ کرائے گئے تھے۔ 156 ایسے مسافرین تھے جنہوں نے غلط تفصیلات درج کرائیں جس کے نتیجہ میں محکمہ صحت کے حکام کو ان کا پتہ چلانے میں دشواری ہورہی تھی۔ ٹیلیفون نمبرات غلط درج کرائے گئے اور رہائشی پتہ بھی درست نہیں تھا۔ ایسے میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے پاسپورٹ پر موجود تفصیلات حاصل کرتے ہوئے 156 میں سے بیشتر مسافرین کا پتہ چلانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ بعض مسافرین ایسے تھے جو پاسپورٹ پر موجود پتہ پر موجود نہیں ہے اور انہوں نے اپنا مکان تبدیل کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بعض مسافرین نے کووڈ ٹسٹ کرانے سے انکار کردیا اور اس سلسلہ میں حکومت کے احکامات پیش کرنے پر اصرار کرنے لگے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ وطن واپسی کے بعد نئے وائرس کا شکار افراد اپنے رشتہ داروں اور دوست احباب سے ربط میں آچکے ہیں لہذا نئے وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ برقرار ہے ، لہدا تمام مسافرین کا کورونا ٹسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ میڑچل ملکاجگیری ضلع میں 27 کے منجملہ 19 بیرونی مسافرین کا پتہ چل چکا ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس سے مدد حاصل کی گئی تھی۔ محکمہ صحت نے برطانیہ سے واپس ہونے والے افراد کے رشتہ داروں اور قریبی افراد کی صحت پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نئے وائرس کے خطرہ سے نمٹا جاسکے ۔