لندن : برطانیہ میں حالیہ بدامنی کے بعد سینکڑوں ملزمان کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ جیلوں میں جگہ کی کمی کے باعث حکام نے شمالی انگلینڈ میں اب زیر حراست افراد کو عارضی طور پر پولیس اسٹیشنوں کے حوالات میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانیہ میں حالیہ خونریز فسادات کے بعد اس بدامنی کے مرتکب سینکڑوں ملزمان کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں، اتنی بڑی تعداد میں کہ جیلوں میں قیدیوں کی تعداد زیادہ سے زیادہ گنجائش سے بھی بڑھ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ جیلوں کے حد سے زیادہ بھر جانے کے امکان کے تدارک کے لیے حکام نے متعدد ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا۔ ان میں یہ اقدام بھی شامل ہے کہ مثلآ شمالی انگلینڈ میں ملزمان کو عارضی طور پر پولیس اسٹیشنوں میں قائم حوالات ہی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ ملزمان کسی بھی عدالت میں پیش کیے جانے تک ایسے پولیس سیلز میں ہی رہیں گے اور انہیں صرف تب ہی عدالتوں میں پیشی کے لیے طلب کیا جائے گا جب جیل میں ان کے لیے جگہ دستیاب ہو گی۔