ہماری پارٹی کی پالیسی سب کا مفاد، سب کی خوشحالی، مایاوتی کا ’ایکس‘ پر پیغام
لکھنؤ، 14 اگست (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے برہمن سماج سمیت تمام سماج کے لوگوں سے بی ایس پی سے جڑے رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کی پالیسی ’’سب کے مفاد اور سب کی خوشحالی‘‘ کی ہے اور وہ کسی ایک طبقے کی نہیں بلکہ تمام سماج کے مفاد اور فلاح و بہبود کے لیے وقف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں رہنماؤں کے بجائے تن، من اور دھن سے وقف امبیڈکر وادی کارکنوں کی فوج ہر سطح پر زیادہ سرگرم ہے ۔ یہ روایت پارٹی اور تحریک کے مفاد میں کانشی رام نے قائم کی تھی۔ محترمہ مایاوتی نے ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ برہمن سماج اور دیگر سماج کے جو لوگ اب تک بی ایس پی سے نکالے گئے ہیں یا نکالے جا رہے ہیں، یا اپنے ذاتی مفاد کے لیے دوسری پارٹیوں میں چلے گئے ہیں، یا اپنے غلط کاموں سے بچنے کے لیے حکمراں جماعت میں شامل ہوئے ہیں، ان کے تئیں لوگوں کی رائے ان کے کاموں کے جائزے کی بنیاد پر مشتبہ اور مایوس کن بنتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر بی جے پی حکومت کے دوران بھی ایسے لوگ ذاتی اور خاندانی مفاد کے لیے اپنی پارٹی سے زیادہ فائدہ اٹھاتے رہے ، جبکہ اپنے سماج کے لیے وہ زیادہ تر غیر فعال اور بے حس ہی بنے رہے ۔ ان وجوہات کی بنا پر ایسے لوگوں نے اپنے سماج کو بھی صحیح طریقے سے بی ایس پی سے نہیں جوڑا، جس کے نتیجے میں گزشتہ کئی لوک سبھا اور اسمبلی عام انتخابات میں پارٹی کو کافی نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی خاص طور پر برہمن سماج کو یہ یقین دلانا چاہتی ہے کہ وہ پوری مضبوطی کے ساتھ بی ایس پی سے جڑا رہے ۔ ہر انتخاب میں اس کی تیاری کی بنیاد پر اس کی شمولیت یقینی بنائی جائے گی اور انتخابی امیدوار بنانے کے ساتھ ساتھ حکومت بننے پر سال 2007 کی طرح برہمن سماج اور دیگر تمام سماج کو مکمل طور پر مناسب عزت و احترام دیا جائے گا۔
صدر کا خطاب فکرانگیز:مودی
نئی دہلی، 14 اگست (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے یوم آزادی کی شام صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے قوم سے خطاب کو فکر انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطاب ہر ہندوستانی کو ’وکست بھارت‘ کیلئے نئے عزم کے ساتھ کام کرنے کی تحریک دیتا ہے۔ وزیراعظم نے جمعہ کی دیر شام سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ‘یوم آزادی کی شام صدر جمہوریہ کا متاثر کن اور فکر انگیز خطاب۔ ان کے خیالات ہمارے ملک کی طاقت اور ہر ہندوستانی کی امنگوں کی عکاسی کرتے ہیں۔