بریلی۔ 8 فبروری (ایجنسیز) اترپردیش کے بریلی ضلع کے بھوجی پورہ تھانہ علاقے میں واقع پپریا گاؤں میں ایک غیر قانونی مسجد کو بلڈوزر کا استعمال کرتے ہوئے منہدم کر دیا گیا۔ یہ کارروائی ایس ڈی ایم کورٹ کے حکم پر کی گئی۔ مسجد کی زمین کو لے کر دو فریقین کے درمیان دیرینہ تنازعہ چل رہا تھا۔ سماعت کے بعد عدالت نے عمارت گرانے کا حکم جاری کیا۔بھوجی پورہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر راجیو چودھری نے بتایا کہ مسجد سے متعلق معاملہ ایس ڈی ایم کورٹ میں چل رہا ہے۔ یہ مسجد گرام پنچایت کی زمین پر بنائی گئی تھی۔ ایس ڈی ایم کورٹ کے حکم پر بلڈوزر کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا گیا۔پولیس کے مطابق گاؤں کی پنچایت میں تقریباً 300 مربع گز پر محیط اس مسجد کو دو بلڈوزر کا استعمال کرتے ہوئے منہدم کیا گیا۔ انتظامیہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے آپریشن کے دوران چوکس رہی۔ بلڈوزر آپریشن کے دوران پپریا گاؤں مکمل طور پر پولیس چھاؤنی میں تبدیل ہو گیا۔ کئی تھانوں کی پولیس، پی اے سی کے جوانوں کے ساتھ سیکورٹی کیلئے تعینات تھے۔ گاؤں اور آس پاس کے علاقے پولیس کی سخت نگرانی میں رہے۔انتظامی اہلکاروں کی موجودگی میں پورا آپریشن پرامن طریقے سے کیا گیا۔ انتظامیہ کا موقف ہے کہ انہدام عدالتی احکامات کے مطابق اور قانونی دائرے میں رہ کر کی گئی ہے۔