مرکزی فورس کے جوان بھی بڑی تعداد میں تعینات ہوں گے :الیکشن کمیشن
کلکتہ : کوویڈ 19 بحران کے خلاف ملک بھر میں ویکسینیشن مہم شروع ہوچکی ہے تاہم وبا کے پھیلنے کا خطرہ ختم نہیں ہوا ہے ۔ اس لئے الیکشن کمیشن نے اپریل اور مئی میں ہونے والے بنگال اسمبلی انتخابات میں احتیاط برتنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ انتخابات کے مقابلے اس مرتبہ پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا ، تاکہ ہر پولنگ اسٹیشن میں کم سے کم بھیڑ ہو۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق مغربی بنگال میں کل پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد اس مرتبہ ایک لاکھ سے زاید ہوسکتی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ 2016 مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 78903 تھی جو اس مرتبہ بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار ہوسکتی ہے ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ، بڑی تعداد میں سنٹرل فورس کے اہلکاروں کو بھی تعینات کرنا پڑے گا۔ اس سے قبل ، 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں ، تمام پولنگ اسٹیشنوں پر مرکزی فورس کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے ۔سی پی آئی (ایم) ، کانگریس اور حزب اختلاف کی بی جے پی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لئے ریاست کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر مرکزی فورس کے اہلکاروں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے ۔ کمیشن ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس مرتبہ پولنگ اسٹیشنوں پر مرکزی فورس کے اہلکاروں کی تعیناتی کے علاوہ امن و امان کی نگرانی اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے سنٹرل فورس کے جوانوں کو حساس علاقوں میں بھی تعینات کیا جاسکتا ہے ۔