لندن : برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی معمولی سرجری ہوئی ہے جس کے بعد انہیں گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیراعظم کے ترجمان نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ صبح چھ بجے سائنیس کے آپریشن کے لیے ہسپتال گئے اور وہ 10 بجے کے بعد ڈاوننگ اسٹریٹ واپس آ گئے۔ترجمان نے کہا کہ یہ سرجری سرکاری نیشنل ہیلتھ انسٹیٹیوٹ میں کی گئی اور وزیراعظم کو جنرل اینستھیزیا دیا گیا۔بورس جانسن آپریشن کے بعد آرام کر رہے ہیں اور کام پر واپسی کا انحصار ان کی صحت مندی پر ہے، لیکن وہ منگل کو کابینہ میٹنگ کی صدارت کرنا چاہتے ہیں۔اپریل 2020 میں بورس جانسن کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے اور وہ کئی روز ہسپتال میں رہے تھے۔کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی وفات کی صورت میں وزیراعظم ہاؤس کے حکام کے پاس ہنگامی منصوبہ تیار تھا۔ان کی غیر موجودگی میں وزیر خارجہ ڈومینیک راب ڈپٹی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے تھے۔