لاہور۔ 4مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے کہا ہے کہ محمد عامر کا کیرئیر بچانے پر پی سی بی کو برا بھلا کہتا ہوں، پی سی بی نے کبھی مجھے بچانے کی کوشش نہیں کی حالانکہ ہرکوئی میری بولنگ کی تعریف کرتا تھا۔ لاہور میں اپنے ایک بیان میں سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے کہا کہ میں اچھے انداز میں اپنا کیریئر ختم کرنا چاہتا تھا لیکن جس طرح میرے کیرئیر کا اختتام ہوا اس پر افسوس ہے۔ آصف نے کہا ہے کہ ہر کوئی زندگی میں غلطیاں کرتا ہے، مجھ سے بھی غلطیاں ہوئیں۔ جو ہونا تھا وہ ہو گیا، اب سب ٹھیک ہے۔ کھلاڑی مجھ سے پہلے بھی فکسنگ میں ملوث تھے، بعد میں بھی ملوث ہیں۔ مجھ سے پہلے فکسنگ میں ملوث ہونے والے کھلاڑی پی سی بی میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے بعد فکسنگ میں ملوث ہونے والے کچھ کھلاڑی ایسے ہیں جو کھیل رہے ہیں۔ کچھ کو تو دوسرا موقع دے دیا گیا، لیکن کچھ کے ساتھ یکساں سلوک نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عامرکو ٹسٹ کرکٹ میں رہنا چاہیے تھا جبکہ ٹیم کو اس کی ضرورت تھی۔
