نئی دہلی: حکومت نے بچوں کے لیے ایک نئی پنشن اسکیم (این پی ایس) واتسلیہ کا اعلان کیا ہے جس میں والدین اور سرپرستوں کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے ’مرکزی بجٹ 2024-25‘ میں بچوں کے لئے ایک نئی پنشن اسکیم ’واتسلیہ‘ کا اعلان کیا۔ والدین اور سرپرست اس پنشن اسکیم میں حصہ ڈالیں گے ۔ بلوغت کی عمر تک پہنچنے پر اس اسکیم کو بغیر کسی رکاوٹ کے ایک عام این پی ایس اکاؤنٹ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے ۔ سیتا رمن نے یہ بھی اعلان کیا کہ این پی ایس کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی نے اپنے کام میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت کے ملازمین کے لیے نیشنل کونسل آف جوائنٹ کنسلٹیٹو میکانزم کے عملے نے تعمیری انداز اپنایا ہے ۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ ایک ایسا حل تلاش کیا جائے گا جس سے اہم مسائل کو حل کیا جائے اور ساتھ ہی ساتھ عام لوگوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے سرکاری خزانے کے تحفظ کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔
وزیر دفاع کو جنگی جہاز میں آتشزدگی کے نقصان سے مطلع کیا گیا
نئی دہلی: بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کمار ترپاٹھی نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو بحریہ کے جنگی جہاز آئی این ایس برہم پترا میں آگ لگنے سے ہونے والے نقصان کے بارے میں مطلع کیا ہے ۔ پیر کو آئی این ایس برہم پترا میں آگ لگ گئی تھی۔ اس حادثہ میں جنگی جہاز کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ بحریہ کے مطابق جنگی جہاز بعد میں ایک طرف جھک گیا اور کوششوں کے باوجود سیدھا نہ ہو سکا۔ ایڈمرل ترپاٹھی نے پیر کی شام راجناتھ سنگھ کو حادثہ کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ بحریہ کے سربراہ حالات کا جائزہ لینے کے لیے آج ممبئی جا رہے ہیں۔