بھارت چلو ، بھارت سے جڑو ۔ ٹوکیو میں اپیل

   

ہندوستان میں ترقی اور خوشحالی کا دور جاری ، وزیراعظم مودی کا تاثر

ٹوکیو: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو جاپان میں موجود ہندوستانی برادری کو دعوت دی کہ ’’بھارت چلو ، بھارت سے جڑو ‘‘ کی مہم میں شامل ہوجائیں اور آگے بڑھ کر حصہ لیں۔ وہ ٹوکیو میں ہندوستانی برادری کے زائد از 700 ارکان سے مخاطب تھے ۔ انھوں نے انڈین کمیونٹی والوں کی ستائش کی کہ وہ اپنی قابلیت ، اپنے ہنر کے بل بوتے پر پردیش میں اپنا مقام بنارہے ہیں اور ساتھ ساتھ مادرِ وطن سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ مودی نے سوامی وویکانند اور رابندرناتھ ٹیگور کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان گہرے ثقافتی روابط پائے جاتے ہیں ۔ مودی نے جاپان میں پرواسی بھارتیہ سمان کے ایوارڈ یافتگان سے ملاقات بھی کی ۔ جاپان میں ایک اندازہ کے مطابق زائد از 40,000 ہندوستانی مقیم ہیں۔ وزیراعظم مودی پیر کی صبح ٹوکیو کو میزبان وزیراعظم فومیو کشیدا کی دعوت پر دو روزہ دورہ پر پہونچے ۔ وہ 24 مئی کو ٹوکیو میں تیسری کواڈ سمٹ میں دیگر کواڈ ارکان امریکہ ، آسٹریلیا ، جاپان کے ساتھ حصہ لیں گے ۔ مودی نے ہندوستانی برادری سے خطاب میں کہا کہ آزادی کے امرت میں ہندوستان کی ترقی اور خوشحالی کی ایسی عبارت لکھی جا رہی ہے جسے مٹانا ناممکن ہو گا۔ وویکانند نے اپنے تاریخی خطاب کے لیے شکاگو جانے سے پہلے جاپان کا دورہ بھی کیا تھا۔ جاپان نے ان کے ذہن پر گہرا نقش چھوڑا تھا۔ انہوں نے جاپان کے لوگوں کی حب الوطنی، جاپان کے لوگوں کے اعتماد، جاپان کے لوگوں میں صفائی کے لیے بیداری کی کھل کر تعریف کی تھی۔ گرودیو ٹیگور نے بھی جاپان کو قدیم اور جدید قوم کے طور پر بیان کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان فطری شراکت دار ہیں۔ جاپان نے ہندوستان کی ترقی کے سفر میں اہم رول ادا کیا ہے۔ جاپان کے ساتھ ہمارا رشتہ قربت، روحانیت، تعاون اور تعلق کا ہے۔جاپان کے ساتھ ہمارے تعلقات دنیا کے لیے مضبوطی، احترام اور مشترکہ عزم کے حامل ہیں۔