کوتہ گوڑم 10 ستمبر ( سیاست نیوز ) گوداوری ندی بھدرا چلم میں خطرہ کا پہلا نشان پار کر گئی ہے اور انتظآمیہ کی جانب سے پہلی وارننگ جاری کردی گئی ہے ۔ خطرہ کا پہلا نشان 43فیٹ ہے جبکہ آج 10 ستمبر کو 11 بجے دن تک گوداوری کی سطح آب 45.50 فیٹ ریکارڈ کی گئی ۔ گوداوری سے اب تک جملہ 10.32 لاکھ کیوسک پانی کا اخراج کیا گیا ہے ۔ ضلع کلکٹر جتیش وی پاٹل نے مطلع کیا کہ گوداوری میں پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ہے اور اس کے آبگیر علاقوں میں شدید بارش کے پیش نظر گوداوری کی سطح آب میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے گوداوری ندی کے کناروں پر موجود گاؤوں کے مکینوں سے کہا کہ وہ چوکس رہیں اور دریا سے دوری برقرار رکھیں۔