بھونگیر کلکٹریٹ میں خاتون ملازم نے ساتھی پر چاقو سے حملہ کردیا

   

حیدرآباد 10 نومبر ( سیاست نیوز ) بھونگیر کلکٹریٹ میں سرکاری ملازمین میں جھگڑا اور چاقو زنی کی واردات پیش آئی جس سے سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون نے ساتھی ملازم پر چاقو سے حملہ کردیا تاہم اس کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ۔ دونوں میں تنازعہ کو اصل وجہ بتایا جا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق در اصل مرد ملازم اپنے ساتھ چاقو لیکر آیا تھا ۔ اس نے خاتون پر حملہ کی کوشش کی لیکن خاتون ملازم نے بچاؤ کرتے ہوئے اسی چاقو سے ساتھی ملازم پر وار کردیا ۔ شلپا اور منوج میں جھگڑا کلکٹریٹ میں کشیدگی اور سنسنی کا سبب بن گیا اور دونوں کے تعلق سے مختلف چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔ شلپا اور منوج کا تعلق آبپاشی محکمہ سے بتایا گیا ہے ۔ شلپا اے او اور منوج اے ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چاقو سے حملہ میں شدید زخمی منوج تقریبا دو ماہ کی چھٹی کے بعد آج دفتر آیا تھا اور شلپا سے اس کی بحث و تکرار ہوئی ۔ اس دوران منوج نے ‘ جو اپنے ساتھ چاقو لایا تھا ‘ خاتون پر حملہ کی کوشش کی لیکن شلپا نے خد کو بچاتے ہوئے اسی چاقو سے منوج پر حملہ کردیا ۔ شلپا شادی شدہ ہے لیکن وہ دو برس سے شوہر سے علیحدہ ہے اور منوج سے تعلقات کی اطلاع ہے تاہم اس کی توثیق نہیں ہوئی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔