پٹنہ ۔8؍جون ( ایجنسیز) بہار کے یوٹیوبر منیش کشیپ نے بی جے پی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اب بی جے پی کا رکن نہیں ہوں۔ بہار اسمبلی انتخابات سے عین قبل یوٹیوبر منیش کشیپ نے بی جے پی چھوڑنے کا اعلان کرنے سے نئی ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ وہ اتوار کو فیس بک پر لائیو آئے اور اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا۔ منیش نے کہاکہ میں اب بی جے پی کا رکن نہیں ہوں۔ اگر میں بی جے پی میں رہ کر خود کو نہیں بچا سکا تو لوگوں کی مدد کیسے کروں گا۔منیش نے کہا کہ اب میں مختلف پلیٹ فارمز پر مختلف طریقوں سے اپنے خیالات پیش کروں گا۔ لوگ مجھے بتائیںکے مجھے کیا کرنا ہے۔
کیا ہمیں ایک نیا پلیٹ فارم بنانا چاہئے یا ہمیں کسی اور کے ساتھ مل کر برانڈ بہار کے بارے میں بات کرنی چاہئے؟ یہ دیکھنا ہوگا۔ منیش نے آئندہ اسمبلی انتخابات لڑنے کا بھی اشارہ دیا۔منیش نے کہا کہ میں کہاں سے الیکشن لڑوں؟ آپ لوگ مجھے یہ بھی بتائیں۔ میں کس پارٹی سے لڑوں؟ یا میں اکیلا لڑوں؟ محکمہ صحت کے خلاف آواز اٹھاتا رہوں گا۔ میری لڑائی کسی شخص سے نہیں ہے۔منیش نے بتایا کہ انہوں نے کئی علاقوں کا دورہ کیا۔ وہاں لوگوں سے ملاقات کی۔ اب میں اس فیصلے پر پہنچ گیا ہوں کہ مجھے بہار کے لیے لڑنا ہے۔ مجھے نقل مکانی روکنے کے لیے لڑنا پڑے گا۔ جب میں پارٹی میں تھا تب بھی اس حوالے سے آواز اٹھاتا رہا ہوں۔ اب مجھے لگتا ہے کہ میں پارٹی میں رہ کر اپنی آواز مضبوطی سے نہیں اٹھا سکوں گا اس لیے میں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔منیش نے کہاکچھ لوگ اس فیصلے سے خوش ہوں گے۔ کچھ اداس ہوں گے۔ میں غمگین لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے یہ فیصلہ لینے پر مجبور کیا گیا۔