انیس الغرباء کامپلکس میں جگہ کی فراہمی کا منصوبہ، اقلیتی اداروں سے کارکردگی رپورٹ طلب
حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) حکومت نے اقلیتی اداروں کو کرایہ کی عمارتوں کے بجائے سرکاری طور پر جگہ فراہم کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ نامپلی میں انیس الغرباء کی ہمہ منزلہ عمارت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور حکومت نے عمارت کو اقلیتی بہبود کے اداروں کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے اقلیتی اداروں کے ذمہ داروں سے تفصیلات طلب کی ہیں جس میں کرایہ کی عمارتوں اور اس کے ماہانہ کرایہ کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ کو ہدایت دی ہے کہ جلد از جلد اقلیتی اداروں کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری شانتی کماری نے یہ تفصیلات طلب کی ہیں۔ اقلیتی اداروں سے پوچھا گیا ہے کہ انہیں دفاتر کے قیام کیلئے کتنے مربع فیٹ جگہ کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ اقلیتی بہبود کے بیشتر ادارے کرایہ کی عمارتوں میں کام کررہے ہیں جن میں بعض سرکاری اور خانگی عمارتیں شامل ہیں۔ اداروں کی جانب سے ہزاروں روپئے بطور کرایہ ادا کیا جارہا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود عابڈز پر واقع سرکاری عمارت انشورنس بلڈنگ میں کام کررہا ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن اردو اکیڈیمی اور تلنگانہ حج کمیٹی حج ہاوز نامپلی کی عمارت میں کرایہ دار ہے اور ماہانہ کرایہ ادا کیا جارہا ہے۔ اقلیتی کمیشن خیریت آباد میں واٹر ورکس کی عمارت میں کرایہ سے ہے۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی نامپلی میں خانگی عمارت میں قائم ہے۔ میناریٹیز اسٹڈی سرکل گن فاؤنڈری میں جامعہ نظامیہ کی عمارت میں ہے۔ اس کے کرسچن فینانس کارپوریشن بھی خانگی عمارت میں کرایہ سے موجود ہے۔ 8 اداروں نے حکومت کو درکار جگہ کی تفصیلات سے واقف کرایا جبکہ حج کمیٹی نے حکومت کو لکھا کہ اسے حج ہاوز میں درکار جگہ دستیاب ہے اور کافی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز (CEDM) نظام کالج کی عمارت میں ماہانہ 10 ہزار روپئے کرایہ پر ہے۔ اسی دوران پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود نے 2 جون سے یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے سلسلہ میں اقلیتی اداروں کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ تیار کی جارہی ہے جو 21 روزہ تقاریب کے دوران عوام کیلئے جاری کی جائے گی۔ تمام اقلیتی اداروں سے کارکردگی سے متعلق ویڈیو فوٹیج، تصاویر اور دیگر تفصیلات روانہ کرنے کی خواہش کی گئی۔ یوم تاسیس تقاریب کے دوران حکومت تمام اداروں کے کارناموں کو عوام میں پیش کرنا چاہتی ہے۔ر