حیدرآباد ۔ 11جنوری ( سیاست نیوز) بیوی کے گھر واپسی کیلئے شوہر نے برادر نسبتی اور اس کی بیوی کا اغوا کرلیا ۔ پہلے سسرالی رشتہ داروں پر حملہ کرنے والے شخص نے بیوی کو گھر واپس بلانے کیلئے سالے کا اغوا کرلیا ۔ تاہم پولیس نے مغویہ میاں بیوی کو بچالیا ہے اور خاطیوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ یہ واقعہ شہر کے نواحی علاقہ ادی بٹلہ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں وجیہ نامی خاتون کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پولیس نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے وجیہ کے شوہر کے شنکر کا تعاقب کیا اور لنگالا پولیس کی مدد سے خاطیوں کو گرفتار کرلیا ۔ ضلع رنگاریڈی کے نادرگل علاقہ کے ساکن کے شنکر اور اس کی بیوی وجیہ کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا ۔ وجیہ نے روزانہ کے جھگڑوں اور تنازعہ سے دلبرداشتہ ہوکر اپنے مائیکے کا رُخ کرلیا اور شوہر کا گھر چھوڑ کر مائیکے چلی گئی ۔ 5جنوری کو شنکر اپنی بیوی کو مائیکے سے واپس بلانے کیلئے چند افراد کے ہمراہ سسرالی مکان پہنچا ۔ سسرال میں بات چیت کے دوران بات بگڑ گئی اور جھگڑا ہوگیا ۔ اس جھگڑے میں وجیہ کا والد جگیا زخمی ہوگیا ۔ جھگڑے کے بعد وجیہ اپنے والد کو لیکر ادی بٹلہ پولیس اسٹیشن پہنچی اور شکایت کردی ۔ تاہم پولیس نے اس شکایت پر توجہ نہیں دی اور معاملہ کو معمولی سمجھا ۔ دوسرے دن وجیہ کو رشتہ داروں کے ذریعہ اس بات کا پتہ چلا کہ اس کا شوہر شنکر دو گاڑیوں میں چند افراد کو لیکر سسرالی رشتہ داروں کا اغوا کرنے آرہا ہے ۔ اس اطلاع کے ساتھ وجیہ دوبارہ پولیس اسٹیشن پہنچی ۔ اس دوران شنکر کو بیوی کے پولیس سے رجوع ہونے کی اطلاع پر اس نے اپنا منصوبہ بدل دیا اور نادرگل میں مزدوری کرنے والے برادرنسبتی کرشنا اور اس کی بیوی پدما کا اغوا کرلیا اور اس بات کی اطلاع بیوی وجیہ کو دی ۔ اس موقع پر وجیہ نے پولیس پر الزام لگایا کہ اگر پولیس شکایت پر فوری کارروائی کرتی تو شائد اس صورتحال کا سامنا نہیں رہتا ۔ ادی بٹلہ پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے لنگالا پولیس کو چوکس کیا اور پھر کچھ ہی دیر میں شنکر کو حراست میں لے لیا گیا اور اس کے چنگل سے پدما اور اس کے شوہر کرشنا کو آزاد کروالیا ۔ شنکر اور اس کا ساتھ دینے والے افراد کے خلاف پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ ع