بی آر ایس منشور وعدوں کی گیارنٹی : چیف منسٹر ، کانگریس جھوٹے وعدوں سے ہتھیلی میں جنت دکھا رہی ہے : ہریش راؤ

   

حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ جس طرح چوہوں کے ڈر سے گھر کو آگ نہیں لگاتے اس طرح بی آر ایس ارکان اسمبلی کی معمولی سی غلطیوں پر ساری حکومت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا ۔ چھوٹے چھوٹے مسائل کو حل کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر موجود ہیں۔ عوام کانگریس کے جھوٹے وعدے پر بھروسہ کرتے ہوئے ہرگز ریاست کے مستقبل کو نقصان نہ پہنچائیں ۔ اسمبلی حلقہ اندول میں بی آر ایس بوتھ سطح کے انچارجس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے امیدوار کرانتی کرن ، اسمبلی حلقہ اندول بی آر ایس کے انچارج فاروق حسین کے علاوہ دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں اس حلقہ کو ترقی دینے اور حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام کو فائدہ پہونچانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ۔ مزید بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ جھاڑ کی جن ٹہنیوں پر بیٹھے ہیں اس کو کاٹنے کی غلطی نہ کریں ۔ ابھی بھی وقت ہے غلطیوں کو سدھارا جاسکتا ہے ۔ اس کیلئے پارٹی اور حکومت پوری طرح تیار ہے ۔ پارٹی کے قائدین اور کارکن قیادت پر بھروسہ کریں اور عوام میں جو بھی غلط فہمیاں ہیں اس کو دور کریں ۔ کوئی بھی جوکھم اُٹھانے کیلئے پارٹی کیڈر تیار نہ رہے ۔ غلطی سے بھی کانگریس کو اقتدار حاصل ہوگیا تو ریاست تلنگانہ دوبارہ تاریکی میں ڈوب جائے گی۔ رعیتو بندھو ، دلت بندھو ، بی سی بندھو کے علاوہ دیگر اسکیمات کو ختم کردیا جائے گا ۔ ریاست کو دستیاب ہونے والی 24 گھنٹے برقی صرف 3 گھنٹوں تک محدود ہوجائے گی ۔ جو بھی ترقیاتی کام ادھورے ہیں وہ دھرے کے دھرے رہ جائیں گے ۔ کانگریس پارٹی دھرانی پورٹل کو ختم کردے گی جس سے دوبارہ درمیانی افراد کا راج شروع ہوجائے گا ۔ بی آر ایس پارٹی نے منشور کے ذریعہ جو وعدے کئے ہیں اس کی عمل آوری کی گیارنٹی چیف منسٹر کے سی آر ہیں ۔ تلنگانہ کی ترقی اور فلاحی اسکیمات ملک کیلئے رول ماڈل ثابت ہورہی ہیں ۔ متحدہ ضلع میدک کے 10 حلقوں میں بی آر ایس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ن