بی آر ایس کا زوال یقینی، بی جے پی حکومت تشکیل پائے گی : نریندر مودی

   

تلنگانہ میں بی سی چیف منسٹر اور غریبوں کو مفت راشن کا وعدہ، حیدرآباد میں جلسہ عام سے وزیراعظم کا خطاب

حیدرآباد ۔7۔نومبر (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت کے زوال کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈنکے کی چوٹ پر یہ بات کہہ رہے ہیں کہ بی آر ایس کو شکست کا خوف لاحق ہوچکا ہے۔ وزیراعظم نے بی جے پی کے انتخابی مہم میں حصہ لے کر آج لال بہادر اسٹیڈیم میں بی سی آتما گوروا سبھا سے خطاب کیا ۔ وزیراعظم نے تلگو میں چند الفاظ ادا کرتے ہوئے اپنی تقریر کا آغاز کیا جس کا عوام کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تلنگانہ کی مقدس سرزمین کو میرا سلام ۔ بی سی آتما گوروا سبھا میں شرکت میرے لئے باعث فخر ہے۔ آپ کے آشیرواد سے میں وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہوں۔ آپ کے آشیرواد سے بی جے پی بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائد کو تلنگانہ کا چیف منسٹر بنائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ تلنگانہ میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد تبدیلی چاہتے ہیں۔ پانی ، وسائل اور روزگار کیلئے علحدہ تلنگانہ کی جدوجہد کی گئی۔ بی آر ایس نے پانی ، وسائل اور روزگار تینوں شعبہ جات میں عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ گزشتہ 9 برسوں میں تلنگانہ میں مخالف بی سی ایس سی ، ایس ٹی بی آر ایس حکومت برسر اقتدار رہی۔ بی سی طبقات کے مطالبات پر کبھی توجہ نہیں دی گئی ۔

مودی کے جلسہ میں عوام کی توقع سے کم شرکت ۔ وزیر اعظم ناراض !

حیدرآباد 7 نومبر ( سیاست نیوز ) بی جے پی کے انتخابی امکانات آج اس وقت ایک اور دھکا لگا جب خود وزیر اعظم نریندر مودی کے انتخابی جلسہ میں بھی عوام کی انتہائی کم تعداد شریک رہی ۔ وزیر اعظم کے جلسہ کا بی جے پی نے ایل بی اسٹیڈیم میں انعقاد کیا تھا ۔ دعوی کیا جا رہا تھا کہ ایک لاکھ افراد اس میںشرکت کرینگے ۔ تاہم اطلاعات کے مطابق صرف پندرہ ہزار کے آس پاس عوام نے شرکت کی ۔ مزید یہ کہ جب وزیر اعظم نے تقریر شروع کی عوام جلسہ سے روانہ ہونا بھی ہوگئے تھے ۔ پتہ چلا ہے کہ وزیر اعظم نے عوام کی کم شرکت پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔