نئی دہلی، 2 جولائی (یواین آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) نے بی جے پی کو ہر میدان میں ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہلی میں اقتدار میں آنے کے پانچ ماہ کے اندر ہی اس نے عوام کو پریشان کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑا۔ سینئر عآپ لیڈر منیش سسودیا نے ایکس پر کہا کہ صرف پانچ مہینوں میں ہی دہلی کے ہر بچے نے سمجھ لیا ہے کہ بی جے پی والے حکومت چلانا نہیں جانتے ۔ انہیں صرف لوگوں کو پریشان کرنا آتا ہے ، لوٹنا آتا ہے ، گھر اجاڑنا اور برباد کرنا آتا ہے ۔ سسودیا نے کہا کہ اگر 10 سال پرانی کاروں اور موٹرسائیکلوں کو پٹرول نہیں ملے گا تو آلودگی کیسے کم ہو گی؟ اس سے تو صرف دہلی کے چاروں جانب، بارڈر پر، اتر پردیش اور ہریانہ کے پٹرول پمپوں کی چاندہ ہوگئی ہے ۔ ان پمپوں پر لمبی قطاریں لگ رہی ہیں اور ان پمپوں پر اوران میں سے 90 فیصد افراد دہلی کے وہی ہیں جن کی گاڑیاں 10 سال پرانی ہیں۔ یعنی جسے اپنے گھر سے 5-10 کلومیٹر جانا تھا، وہ اب 15-20 کلومیٹر دور دہلی کی سرحد سے متصل پٹرول پمپ پر جاکر تیل ڈلوارہے ہیں تاکہ دہلی میں اپنی گاڑی چلاسکیں۔