: فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی :
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ملک کی مختلف ریاستوں میں فہرستِ رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم (ایس آئی آر) کے دوران بی جے پی ایجنٹس کی جانب سے مسلم رائے دہندوں کے ناموں کو فہرست سے حذف کرنے کی سازش جاری ہے۔ بہار، مہاراشٹر، اتر پردیش اور دیگر ریاستوں کے بعد نئی دہلی کے بعض معاملات منظرِ عام پر آئے ہیں۔نئی دہلی میں بی جے پی کے بوتھ لیول ایجنٹس کی جانب سے تقریباً دو دہوں سے مصطفیٰ آباد علاقے میں بسنے والے مسلم خاندان کے خلاف شکایت کی گئی اور ان کے ناموں کو فہرست سے حذف کرنے کی درخواست دی گئی۔ ساجد حسین اور ان کے افرادِ خاندان تقریباً 20برسوں سے اس علاقے میں مقیم ہیں۔ انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ ان کے ناموں کو حذف کرنے کے لیے کسی نے فارم 7 داخل کیا ہے۔ فارم 7 کے ذریعے ان کی اہلیہ اور ان کے فرزند کے نام کو حذف کرنے کی درخواست دی گئی۔ ساجد حسین نے کہا کہ وہ اس شخص کو نہیں جانتے جس نے ان کے خلاف فارم 7 داخل کیا ہے۔بی جے پی ایجنٹ کی جانب سے علاقے کے 28رائے دہندوں کے ناموں کو فہرست سے ڈیلیٹ کرنے کے لیے فارم 7 داخل کیا گیا۔ فارم میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افراد غیر حاضر ہیں یا مستقل طور پر منتقل ہو چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر نائنوال نامی بی جے پی کے بوتھ لیول ایجنٹ نے یہ فارم داخل کیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ریکارڈ میں ان کا نام درج ہے۔1