اولڈ ایم ایل اے کوارٹرس میں مرزا رحمت بیگ کی نقل و حرکت ، روپوش کی زندگی پر عوام میں تجسس برقرار
حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) رحمت بیگ اب بھی شہریوں کے لئے معمہ بنا ہوا ہے ۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ سوشل میڈیا پر رحمت بیگ کے بیانات اور حرکتوں سے محظوظ ہونے والے بھی ان کے متعلق دریافت کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مرزا رحمت بیگ گذشتہ دنوں آخری مرتبہ ’اولڈ ایم ایل اے کوارٹرس‘ حیدرگوڑہ میں نظر آئے تھے لیکن اس بات کی توثیق نہیں ہوئی کہ وہ وہاں کسی سے ملاقات کی غرض سے آئے تھے یا کسی اور مقصد سے وہ ایک ایل اے کوارٹرس پہنچے تھے۔مرزارحمت بیگ انہیں پارٹی سے خارج کئے جانے کے بعد سے روپوش زندگی گذار رہے ہیں۔ صدر مجلس بیرسٹراسدالدین اویسی کی ہدایت کے باوجود وہ رکن قانون ساز کونسل کے عہدہ سے مستعفی ہونے کے بجائے روپوش زندگی گذاررہے ہیںاور کسی سے بھی ملاقات کرنے سے گریز کررہے ہیں لیکن گذشتہ دنوں ایم ایل اے کوارٹرس میں دیکھے جانے کے متعلق دریافت کئے جانے پر پتہ چلا کہ انہوں نے قانون ساز کونسل سے اپنی رکنیت سے استعفیٰ سے متعلق واضح کردیا ہے کہ وہ اپنی معیاد پوری کریں گے اور کوئی طاقت انہیں ان کی رکنیت سے ہٹانے کی مجاز نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق رحمت بیگ نے ماہرین قانون سے مشاورت کے بعد قانون ساز کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ وہ ان کے ویڈیو میں کی گئی کی گئی انتہائی واہیات حرکتوں کو عوام کے ذہنوں سے نکلنے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ عوام کے درمیان پہنچ سکیں۔ پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ مرزا رحمت بیگ پارٹی کے اہم ذمہ داروں سے راست رابطہ میں ہونے کے نتیجہ میں ان کے متعلق مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے اور اسی لئے رحمت بیگ نے اپنے استعفیٰ کے متعلق واضح موقف اختیار کرتے ہوئے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے بلکہ امکان ہے کہ وہ آئندہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کرسکتے ہیں۔3
رحمت بیگ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پارٹی سے ان کی علحدگی اور عہدہ سے عدم استعفیٰ کوقیادت کے لئے چیالنج قرار دیئے جانے پر معنٰی خیز خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔3