بی جے پی کے قومی قائدین سے راجندر کی ملاقات پر تنازعہ کی ضرورت نہیں: بنڈی سنجے

   

کرناٹک کے نتائج کا تلنگانہ پر اثر نہیں، حکومت پر 30 فیصد کمیشن کا الزام
حیدرآباد۔/17مئی، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی یونٹ میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے اور رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کی نئی دہلی میں پارٹی کے قومی قائدین سے ملاقات میں کوئی برائی نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ بی جے پی کے قومی قائدین سے کوئی بھی اور کسی بھی وقت ملاقات کرسکتا ہے۔ ایٹالہ راجندر کے دورہ نئی دہلی کے بارے میں میڈیا کی جانب سے غیر ضروری پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ کرناٹک کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ تلنگانہ کے الیکشن پر کرناٹک نتائج کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی دراصل ریاست تک محدود ہے اور اسے ملک بھر میں کامیابی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے چناؤ میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے رقومات تقسیم کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس مضبوط ہوتی تو دوباک، حضورآباد اور منگوڑ میں پارٹی کی ضمانت ضبط نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے علاوہ 18 ریاستوں میں بی جے پی برسراقتدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کو مستحکم کرنے کیلئے بی آر ایس مساعی کررہی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر اپنی شخصی تشہیر کیلئے کروڑہا روپئے کی عوامی رقومات خرچ کررہے ہیں۔ 21 روزہ یوم تاسیس تقاریب کے نام پر ہزاروں کروڑ کے اشتہارات جاری کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ ریاستی حکومت 30 فیصد کمیشن کے ساتھ کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی معطلی کے بارے میں عنقریب پارٹی ہائی کمان بہتر فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے تلنگانہ عوام سے اپیل کی کہ بی جے پی کو ایک مرتبہ اقتدارکا موقع دیں بی جے پی غریبوں کیلئے مکانات تعمیر کرے گی اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔ بی جے پی برسراقتدار آتے ہی سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ر