ریاض : تیل برآمد کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ملک سعودی عرب نے اپنے ہاں کئی محلات کو لگژری ہوٹلوں میں بدل دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ فیصلہ اس عرب بادشاہت کے ریاستی ملکیت میں کام کرنے والے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے کیا ہے۔ سعودی دارالحکومت ریاض سے 20جنوری کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس خلیجی ریاست کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملک میں ہوٹلنگ کے شعبے میں میزبانی کی اعلیٰ ترین پرتعیش سہولیات کی فراہمی ہے۔ اس مقصد کے لیے ملک میں ایک نئی فرم بھی قائم کر دی گئی ہے۔پی آئی ایف کے بیان کے مطابق اس نئے سعودی ادارے کا نام بوتیک گروپ رکھا گیا ہے، جو بندرگاہی شہر جدہ کے الحمرا پیلس اور دارالحکومت ریاض کے طویق پیلس اور ریڈ پیلس نامی محلات کو انتہائی پرشکوہ ہوٹلوں میں بدل دے گا۔ لگژری ہوٹلوں میں بدل دیے جانے کے بعد ان سعودی محلات میں مہمانوں کے رہنے کے لیے 224 پرتعیش کمرے، سْوٹس اور ولاز دستیاب ہوں گے۔