حیدرآباد۔ 29؍ستمبر(پریس نوٹ) اسلامی تاریخ کی مشہور خواتین کے کارناموں سے عوام بالخصوص طالبات و خواتین کو واقف کرنے کیلئے ایک تاریخی نمائش ’’ڈسکوردی گریٹ انٹل ایکچول مسلم ویمن آف آل ٹائم ‘‘ یکم؍ اور 2؍ اکٹوبرکو سالار جنگ میوزیم میں زیر نگرانی مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صبح 11؍ تا شام5؍ بجے ہوگی۔ اس نمائش کا مقصد طالبات و خواتین اپنے اندر موجود صلاحیتوں کو پہچانیں ، ان میں جوش و جذبہ پیدا ہو، ان کی ہمت افزائی ہو اور وہ یہ بات اپنے دل و دماغ میں بٹھائیں کہ وہ خود بھی اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہوکر اس طرح کے کارنامے انجام دے سکتی ہیں۔ یہ اعلان میڈیا پلس آڈیٹوریم میں ایک پریس کانفرنس میں ڈاکٹر محمد لطیف نے کیا۔اس موقع پر بانی چیرمین شاہین گروپ ڈاکٹر عبدالقدیر بھی موجود تھے۔انکے علاوہ کوآرڈنیٹر جویریہ اور ضحی انصاری بھی موجود تھیں، جنہوںنے تفصیلات سے واقف کروایا۔ڈاکٹر محمد لطیف نے بتایا کہ اس وقت معاشرے کو خواتین کی خدمات سے واقف کروانے کی ضرورت ہے۔ بصورت دیگر خواتین اپنی شناخت کھودیں گی۔ انہوں نے کہا اسلامی تاریخ کے ابتدائی دور میں جب اسلام نے خواتین کو ان کا صحیح مقام و مرتبہ عطا کیا او ران کے حقوق دیئے تو انہوںنے زندگی کے مختلف شعبوں میں حصہ لینا شروع کیا۔ انہوں نے انفرادی اور اجتماعی زندگی کے کئی امور میں مردوں کے ساتھ تعاون کیا۔ اسلام نے خواتین کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے قابل بنایا۔ سماجی اداروں اور ماحول نے انہیں اپنی صلاحیتوں کو بھرپور استعمال کرنے کے قابل بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین نے علم تفسیر ، علم الحدیث، علم فقہ، علم کلام ، تصوف ، ادب ، تقریر، شاعری، نظمِ عامہ اور فن سپہ گری وغیرہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ڈاکٹر لطیف نے بتایاکہ یہ دو روزہ نمائش انٹلکچویل میتھالوجی (علم) کے زیر اہتمام شاہین گروپ کے اشتراک و تعاون سے کی جارہی ہے۔ دوروزہ نمائش ایسی خواتین کے کارناموں سے واقف ہونے کا بہترین موقع ہے۔