تالابوں کے شکم میں تعمیر کردہ مکانات منہدم، حیڈرا کی بیک وقت تین مقامات پر کارروائی

   

عوام کا سخت احتجاج، خودسوزی کی کوشش، مقدمات درج، متاثرین میں وائی سی پی کے قائد بھی شامل

حیدرآباد۔8 ۔ستمبر ۔ (سیاست نیوز) شہر میں ’حیدرا‘ کی کاروائیوں کے سست ہونے پر شروع ہونے والی چہ مئیگویاں آج صبح کی اولین ساعتوں میں ’حیدرا‘ کی جانب سے مختلف علاقوں میں شروع کی جانے والی کاروائیوں کے ساتھ ہی ختم ہوگئیں کیونکہ اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں ’حیدرا‘ کے عہدیداروں کی نگرانی میں شہر کے نواحی علاقوں میں بیک وقت تین مقامات پر تالابوں کے شکم میں کی گئی تعمیرات کے انہدام کا آغاز کیا اور شہر میں جاری بارشوں کا سلسلہ تھمنے کے ساتھ ہی دوبارہ انہدامی کاروائیوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔’حیدرا‘ کی کاروائیوں کو روکنے کے لئے سخت عوامی احتجاج کے دوران مکینوں نے اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر خودکشی کی کوشش کی لیکن پولیس عہدیداروں نے ان کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے خودکشی کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کرلیا اور ان پر مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں دواخانہ منتقل کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ مادھا پور‘ ملم پیٹ ‘ سررم چیروو‘ امین پور تالاب کے شکم میں کی جاے والی تعمیرات کو برخواست کرنے کے لئے کی گئی انہدامی کاروائی کے دوران عوام کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج کو بھاری پولیس کی جمیعت کو تعینات کرتے ہوئے روک دیا گیا۔ کمشنر ’حیدرا‘ مسٹر اے وی رنگا ناتھ کی نگرانی میں عہدیداروں کی جانب سے ملم پیٹ تالاب کے ایف ٹی ایل میں کی گئی تعمیرات کے انہدام کا آغاز کیا اور کہا کہ اس تالاب میں تعمیرات کے لئے اجازت ناموں کے حصول کے ساتھ 60 مکانات تعمیر کئے گئے جبکہ جملہ 320 مکانات کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے اور 208 مکانات پر ہائی کورٹ نے برقی کنکشن جاری نہ کرنے کی ہدایت دے رکھی ہے۔ ’حیدرا‘ کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ان تمام مکانات کی انہدامی کاروائی کویقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور تالاب کے احیاء کو یقینی بنایا جائے گا۔ امین پور تالاب میں وائی ایس آر سی پی قائد کی جانب سے کی گئی غیر مجاز تعمیرات کو بھی’حیدرا‘ کے عہدیداروں کی نگرانی میں منہدم کردیاگیا اور اس انہدام کو روکنے کیلئے بھی کوشش کی جارہی تھی جسے عہدیداروں نے ناکام بنادیا ۔ مادھا پور سررم چیروو کے ایف ٹی ایل میں جو کہ 26 ایکڑ پر محیط ہے اس میں تعمیر کئے گئے کئی شیڈس کو ’حیدرا‘ کے عہدیداروں نے منہدم کردیا اور ملبہ کی فوری طور پر صفائی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ (سلسلہ صفحہ 2پر)