تریشا کی فلم کروپوکیلئے وجے کی صبح 9 بجے نمائش کی اجازت

   

چنئی،13 مئی (ایجنسیز) تمل ناڈو کے نومنتخب چیف منسٹراور معروف اداکار سی جوزف وجے نے اقتدار سنبھالنے کے محض دو دن بعد فلمی صنعت کے حق میں ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اداکار سوریا اور اداکارہ تریشا کرشنن کی آنے والی تمل فلم کروپو کے لیے صبح 9 بجے خصوصی شوزکی اجازت دے دی۔ اس فیصلے کو تمل فلم انڈسٹری میں خوش آئند قدم قراردیا جا رہا ہے اور شائقین میں بھی اس حوالے سے بہت جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عام طور پر تمل ناڈو میں ہفتے کے دنوں میں فلموں کے مارننگ شوزکے حوالے سے سخت ضابطے موجود ہوتے ہیں، تاہم وجے نے خصوصی رعایت دیتے ہوئے فلم کروپو کے لیے صبح 9 بجے سے فرسٹ ڈے فرسٹ شوکی نمائش کی منظوری دی۔ فلم 14 مئی 2026 کو دنیا بھر میں ریلیزکی جا رہی ہے۔ فلم کے پروڈیوسرز ایس آر پربھو اور ایس آر پرکاش بابو کے پروڈکشن ہاؤس ڈریم واریر پکچرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرچیف منسٹر وجے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک پوسٹ جاری کی۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ معزز چیف منسٹر تھرو جوزف وجے کا شکریہ جنہوں نے کروپوکے 9 بجے کے خصوصی شوزکی اجازت دی۔ ہدایت کار آر جے بالاجی نے بھی اس اعلان کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شائع کیا۔ فلم کروپوایک ایکشن ڈرامہ ہے جس کی ہدایت کاری آر جے بالاجی نے کی ہے۔ فلم میں سوریا مرکزی کردار کروپوسوامی ادا کر رہے ہیں جبکہ تریشا کرشنن اور آر جے بالاجی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم سوریا اور تریشا کی 21 سال بعد دوبارہ بڑی اسکرین پر واپسی ہے، جس نے مداحوں کے درمیان فلم کی مقبولیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق فلم کی ایڈوانس بکنگ پہلے ہی شاندار ہے۔ کروپو نے ریلیز سے قبل ہی ہندوستان بھر میں کروڑوں روپے کی بکنگ حاصل کر لی ہے، جبکہ تمل ناڈو میں ابتدائی ردعمل انتہائی مثبت بتایا جا رہا ہے۔فلم کی ایڈوانس بکنگ تقریباً دو کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے، جو اس کی غیر معمولی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے۔