تریپورہ میں عصمت ریزی کے الزام میں نوجوان کو 20 سال قید کی سزا

   

اگرتلہ : تریپورہ میں جنوبی تریپورہ ضلع کی ایک خصوصی عدالت نے نابالغ کی عصمت دری کے الزام میں ایک نوجوان (19) کو20 سال کی سخت قید اور 15000 روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے ۔اس معاملے میں خصوصی جج نے ضلع پورن راج باڑی پولیس اسٹیشن کے تحت کرشنا باشی پاڑہ کے رہنے والے وپلو کو یہ سزا سنائی۔ نوجوان پر الزام تھا کہ اس نے سال 2018 میں ایک نابالغ لڑکی کو گھر سے اس وقت اغوا کرلیا جب اس کے والدین باہر تھے ۔ نوجوان نے نابالغ کی عصمت دری کی۔متاثرہ کے اہل خانہ نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وپلو نے ان کی غیر موجودگی میں دن دہاڑے نابالغ کو گھر سے اغوا کیا اوراس کی عصمت دری کی۔ اس کی بیٹی کسی طرح ملزم کے چنگل سے خود کو آزاد کرلینے میں کامیاب رہی اور واقعے کی اطلاع دی۔اس وقت مجرم بھی نابالغ تھا اور اب اس کی عمر 19 سال ہے ۔شکایت کی بنیاد پر ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 366، 376(1) اور پوسکو کی دفعہ 04 کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتارکرلیا گیاتھا۔عدالت نے تفتیش، شواہد اور گواہوں کی بنیاد پرطویل سماعت کے بعد نوجوان کو مجرم قرار دیتے ہوئے بدھ کو قید کی سزا سنائی اور ساتھ ہی 15 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔