سسپنشن بریج کے 50 فیصد کام مکمل، زوالوجیکل پارک سے مربوط کرنے کی ہدایت، چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تعمیری کاموں کا اچانک معائنہ کیا
حیدرآباد 27 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت حیدرآباد کے تاریخی اہمیت کے حامل میر عالم تالاب کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے ایک نمایاں سیاحتی اور تفریحی مرکز کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ خاندان کے ساتھ آنے والے افراد کو ایک ہی مقام پر دن بھر قدرتی تفریح اور آرام سے لطف اندوز ہونے کی سہولت فراہم کرنا اِس منصوبہ کا مقصد ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج صبح میر عالم تالاب کا اچانک معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ اُنھوں نے تالاب کے اطراف جاری کاموں کے علاوہ تالاب پر تعمیر کئے جانے والے آئیکانک سسپنشن بریج کے کاموں کا معائنہ کیا۔ عہدیداروں نے تصویری نمائش کے ذریعہ کاموں کی پیشرفت سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کاموں کی مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت دی۔ موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی نگرانی میں میر عالم تالاب کی ترقی کے کام جاری ہیں۔ تالاب کے احیاء اور اطراف کے علاقوں اور ذخائر آب کی ترقی کے علاوہ آئیکانک بریج کی تعمیر پر مشتمل جامع منصوبہ کا چیف منسٹر نے مشاہدہ کیا۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ میر عالم تالاب میں گندے پانی کی آمد کو روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ تالاب سے موسیٰ ندی میں سیلابی پانی کے آسانی سے اخراج کے لئے نالوں کو وسیع بنانے اور پانی کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے میر عالم تالاب میں واٹر اسپورٹس کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ ضروری تکنیکی، ماحولیاتی اور حفاظتی معیارات کے مطابق کشتی رانی، آبی کھیلوں اور اڈوینچر سرگرمیوں کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ تالاب کے اطراف فوڈ کورٹس، سرسبز پارک، آرام گاہیں اور خاندانی تفریح کی سہولتیں قائم کرنے کی تجویز ہے۔ بچوں کے لئے خصوصی کھیل کے میدان اور تفریحی مراکز تیار کئے جائیں گے۔ پیدل راہگیروں کے لئے واکنگ ٹریکس اور عوامی مقامات کو بہتر بنانے کے ساتھ آمد و رفت کی سہولتوں کو ترقی دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے میر عالم تالاب میں موجود جزائر کو ترقی دینے کی ہدایت دی۔ اِن علاقوں کو قدرتی ماحول میں آرام اور تفریح کے مراکز اور دیگر سیاحتی سرگرمیوں کے لئے استعمال کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ شادی بیاہ اور دیگر تقاریب کے مرکز کے طور پر ترقی دینے کے امکانات تیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔ معیاری سیاحتی اور تفریحی سہولتوں کی ترقی میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت خانگی شعبہ کی شراکت اور حوصلہ افزائی کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ V/1 (سلسلہ صفحہ 2)
چیف منسٹر نے تالاب کے قریب واقع نہرو زوالوجیکل پارک کے ساتھ میر عالم ٹینک کی ترقی کو مربوط کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ زوالوجیکل پارک ایک اہم خاندانی تفریح کا مرکز ہے اور دونوں پراجکٹس کو ایک دوسرے سے مربوط کرتے ہوئے سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے میر عالم تالاب کے احیاء اور اطراف کے علاقوں کی ترقی پر مشتمل تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آئیکانک سسپنشن بریج کا کام 50 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ 27 اگست 2026ء تک مکمل کئے جانے کے نشانہ کے تحت 554 پلرس میں 273 مکمل کرلئے گئے۔ عہدیداروں کے مطابق بریج کے ابتدائی 50 فیصد کام مکمل ہوچکے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پائیلس کیاپ کے زمرہ میں 62 کے منجملہ 28 مکمل کرلئے گئے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں کہاکہ ایرپورٹ کے قریب واقع میر عالم تالاب کو سیاحوں کے لئے مزید پُرکشش بنانے کے لئے خصوصی منصوبہ بندی کی جائے۔ حکومت کا مقصد اِس تاریخی تالاب کی ترقی اور اُسے سرسبز و شاداب بنانے کے علاوہ نہرو زوالوجیکل پارک سے مربوط کرتے ہوئے ایک خاندانی تفریح کے مقام میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے ترقیاتی کام کی تکمیل کے بعد میر عالم تالاب کو مقامی سیاحوں کے علاوہ ملک اور بیرون ملک کے سیاحوں کے لئے اہم تفریحی مرکز کے طور پر شمار کئے جانے کا یقین ظاہر کیا۔ دورہ کے موقع پر چیف منسٹر نے ہائیڈرالک مشنری کے ذریعہ تالاب اور تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔V/1