تریپورہ میں 2 خاتون صحافی زیر حراست

,

   

اگرتلہ: تریپورہ میں تشدد کے واقعات کی رپورٹنگ کرنے والی دو خاتون صحافیوں کوپولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔وشوا ہندو پریشد کے ایک حامی کی شکایت پر ایف آئی آر میں دونو ں کا نام شامل کیا گیا ہے ۔خاتون صحافیوں سمریدھی ساکونیا اور سورنا جھا نے الزام عائد کیا کہ پولیس آج صبح ان کے ہوٹل پہنچی اور انہیں دھمکی دی گئی۔ شکایت میںان پر دو طبقات کے درمیان مذہبی بنیادوں پر دشمنی کو بڑھاوا دینے اور مجرمانہ سازش کی دفعات کے تحت الزامات عائد کئے گئے ہیں۔خاتون صحافیوں نے بتایا کہ انہیں ہوٹل چھوڑنے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ انہوں نے مکمل تعاون کیا ہے اور ہوٹل کے باہر پولیس کو تعینات کردیا گیا ۔ دوسری طرف ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے انہیں 21نومبر کو پوچھ تاچھ کیلئے آنے کی نوٹس دی ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ ریاست تریپورہ میں گذشتہ دنوں ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات پیش آئے تھے، اس دوران ہندو انتہا پسندوں نے کئی مساجد کی بے حرمتی کی اور مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔پولیس کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف پر تشدد واقعات کی تردید کی گئی تھی۔